شہر کے نواحی علاقوں میں سڑک حادثات

7 افراد بشمول ایک لڑکی ہلاک ، پولیس مصروف تحقیقات
حیدرآباد /20 نومبر ( سیاست نیوز ) شہر و نواحی علاقوں میں پیش آئے سڑک حادثات میں 7 افراد بشمول ایک لڑکی ہلاک ہوگئی ۔ سکندرآباد کے علاقہ مٹوگوڑہ میں پیش آئے خوفناک حادثہ میں تین افراد ہلاک ہوگئے جو آپس میں ساتھی تھے اور ایک موٹر سائیکل پر سوار تھے ۔ حادثہ موٹر سائیکل میٹرو پلر سے ٹکرانے کے سبب پیش آیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ 26 سالہ ادے 28 سالہ ادے ریڈی اور 19 سالہ پرتھیوی جو سوریہ پیٹ کے ساکنان تھے ۔ کل رات دیر گئے پیش آئے سڑک حادثہ میں برسر موقع ہلاک ہوگئے ۔ پہاڑی شریف پولیس کے مطابق 23 سالہ سید عالم جو پیشہ سے مزدور تھا ۔ تارمتی پیٹ عبداللہ پور میٹ علاقہ کا ساکن تھا ۔ 18 نومبر کے دن یہ شخص موٹر سائیکل پر جارہا تھا کہ تیزرفتار کار کی زد میں آکر شدید زخمی ہوگیا جو علاج کے دوران فوت ہوگیا ۔ نارسنگی پولیس کے مطابق 9 سالہ پوجا جو نارسنگی علاقہ کے سا کن انجیا کی بیٹی تھی یہ لڑکی اس کی والدہ اور چچا کے ہمراہ آٹو میں سفر کر رہی تھی اور آٹو سے اترنے کے بعد سڑک عبور کرنے کی کوشش میں یہ لڑکی ہلاک ہوگئی ۔ نارسنگی پولیس کے مطابق 40 سالہ دلاور بیگ جو شاہ پور نگر علاقہ کا ساکن تھا بالانگر علاقہ میں رہتا تھا ۔ کل یہ موٹر سائیکل پر جارہا تھا کہ بورویل کی لاری کی زد میں آکر شدید زخمی حالت میں فوت ہوگیا ۔ مادھاپور پولیس کے مطابق 45 سالہ سرینواس جو پیشہ سے خانگی ملازم تھا 18 نومبر کے دن یہ شخص موٹر سائیکل پر جارہا تھا کہ موٹر سائیکل حادثہ کا شکار ہوگئی اور شدید زخمی حالت میں یہ شخص فوت ہوگیا ۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے ۔