حیدرآباد ۔ /3 نومبر (سیاست نیوز) مرکزی حکومت کی جانب سے دیئے جانے والے انشورنس فراہم کرنے کے بہانے شہر کے تاجرین کو دھوکہ دینے والے نئی دہلی کے تین دھوکے بازوں کو سنٹرل کرائم اسٹیشن (سی سی ایس) پولیس کی سائبر کرائم پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ڈیٹکٹیو ڈپارٹمنٹ مسٹر اویناش موہنتی نے بتایا کہ کروپا مارکٹ ملک پیٹ گنج کے ایک تاجر ویریندر کمار گیہلوٹ نے سائبر کرائم سے ایک شکایت درج کروائی ۔ جس میں بتایا کہ جاریہ سال /23 جنوری کو ان کے واٹس اپ موبائیل پر ایک نمبر سے میسیج موصول ہوا جس میں سنٹرل گورنمنٹ آف انشورنس اتھاریٹی (سی جی آئی) کی جانب سے 50 لاکھ 50 ہزار کی انشورنس کی رقم ان کے نام پر جاری کئے جانے کی اطلاع دی اور بعد ازاں راج ملہوترا اور بلراج سہانی نامی افراد کی جانب سے بھی فون کال موصول ہوئے جس میں اس رقم کی حصولی کیلئے سنٹرل بینک ، اسٹیٹ بینک آف انڈیا کے بینک کھاتوں میں لاکھوں روپئے کی رقومات منتقل کرنے کیلئے کہا جس کے نتیجہ میں ویریندر کمار نے 14 لاکھ 60 ہزار روپئے دھوکہ بازوں کے بینک کھاتوں میں منتقل کی ۔ سائبر کرائم پولیس نے اس سلسلے میں مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا اور تکنیکی شواہد کی بنیاد پر دہلی کے متوطن 22 سالہ پرنس ، 25 سالہ نتن گپتا ناگیشور یادو اور مہیش کمار یادو کو گرفتار کرکے انہیں شہر منتقل کیا اور بعد ازاں عدالت میں پیش کرنے کے بعد انہیں جیل بھیج دیا گیا ۔