شہر میں برقی بچت کیلئے ایل ای ڈی بلب کو فروغ دینے کی مہم

ایک کروڑ بلبس فروخت کرنے کا منصوبہ ، مئیر جی ایچ ایم سی رام موہن کی خصوصی توجہ
حیدرآباد۔29جون(سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے شہر میں برقی بچت کے منصوبہ کے تحت ایل ای ڈی بلب کو فروغ دینے کے لئے جاری شعور بیداری مہم کے دوران سلم علاقوں میں ایل ای ڈی کے فوائد کے متعلق تفصیلات سے واقف کروانے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور جی ایچ ایم سی نے شہر میں 25لاکھ مکانات میں 1کروڑ ایل ای ڈی بلب کی فروخت کا منصوبہ تیار کیا ہے اور اس منصوبہ کے تحت خود مئیر جی ایچ ایم سی مسٹر بی رام موہن شعور بیداری مہم میں حصہ لینے لگے ہیں۔ محکمہ برقی کے عہدیداروں کے علاوہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے اعلی عہدیداروں کا کہنا ہے کہ اگر صرف جی ایچ ایم سی حدود میں ایل ای ڈی بلب کے استعمال کو فروغ حاصل ہوتا ہے تو ایسی صورت میں سالانہ 500کروڑ روپئے کی برقی بچت ممکن ہے۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیداروں نے بتایا کہ جی ایچ ایم سی حدود میں موجود اسٹریٹ لائٹس کو ایل ای ڈی بلب میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے اس سلسلہ میں اقدامات کا آغاز کردیا گیا ہے لیکن اس کے باوجود اب تک بھی شہر میں 50فیصد اسٹریٹ لائٹس کی تبدیلی عمل میں نہیں لائی جاسکی ہے مگر جاریہ سال اس مسئلہ پر بلدیہ کی جانب سے توجہ مبذول کرتے ہوئے تمام اسٹریٹ لائٹس کو تبدیل کرنے کے اقدامات کئے جا ئیں گے۔دونوں شہرو ںمیں گھریلو بلب کو ایل ای ڈی بلب سے تبدیل کرنے کے فوائد کے متعلق شعور بیداری مہم چلاتے ہوئے شہریوں کو اس بات سے واقف کروایا جا رہا ہے کہ ایل ای ڈی بلب کی تنصیب کے کیا فوائد ہوں گے اور کس طرح برقی بچت کو ممکن بنایا جا سکے گا۔ کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد ڈاکٹر بی جناردھن ریڈی نے بتایا کہ سرکاری سطح پر برقی بچت کیلئے جو منصوبہ روشناس کروایا جا رہا ہے اسے جی ایچ ایم سی کی جانب سے اختیار کرتے ہوئے برقی بچت میں مکمل تعاون کے اقدامات کئے جا رہے ہیں جس کے مثبت نتائج برآمد ہونے لگے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ سلم علاقوں میں بھی لوگ ایل ای ڈی بلب کے استعمال کے متعلق نہ صرف غور کر رہے ہیں بلکہ وہ ان بلبس کا استعمال شروع کر چکے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ جی ایچ ایم سی کی جانب سے بہت جلد کمرشیل کامپلکس اور تجارتی بازاروں میں شعور بیداری مہم چلاتے ہوئے ایل ای ڈی بلب کے استعمال کو فروغ دیا جائے گا تاکہ تجارتی علاقو ںمیں جہاں دن بھر برقی کا استعمال ہوا کرتا ہے وہاں بھی ان بلبس کے استعمال کے ذریعہ برقی بچت ممکن بنائی جا سکے۔