حیدرآباد ۔ /27 مارچ (سیاست نیوز) سری رام نومی اتسو سمیتی کی جانب سے کل منعقدہ شوبھا یاترا کے موقعہ پر حیدرآباد پولیس نے سکیورٹی کے وسیع ترانتظامات کئے ہیں ۔ بتایا جاتا ہے کہ اس موقعہ پر 10 ہزار پولیس ملازمین بندوبست میں شامل رہیں گے ۔ سیتارام باغ منگل ہاٹ سے ریالی کا آغاز ہوگا اور یہ ریالی مختلف مقامات سے گزرتی ہوئی ہنومان ویائم شالہ پبلک اسکول واقع کوٹھی میں ختم ہوگی ۔ پولیس نے کسی قسم کی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے بھاری پولیس فورس متعین کرکے علاقہ واری سیکٹر قائم کئے اور ان علاقوں کیلئے ایک اسسٹنٹ کمشنر پولیس رتبہ کے عہدیدار کو انچارج بنایا گیا ہے ۔ شوبھا یاترا کے موقعہ پر پولیس گاڑیوں پر نصب کئے ہوئے موبائیل سی سی ٹی وی کیمروں کا ریالی کیلئے بڑے پیمانے پر استعمال کیا جائے گا اور ریالی میں موجود والینٹرس کی نقل و حرکت پر کمانڈنٹ اینڈ کنٹرول سے رکھی جائے گی ۔ کمشنر پولیس حیدرآباد مسٹر مہیندر ریڈی اور دیگر اعلیٰ عہدیداروں کی راست نگرانی میں ریالی پر کڑی نظر رکھی جائے گی اور بتایا جاتا ہے کہ اشتعال انگیز تقاریر یا بیانات پر سخت کارروائی کئے جانے کی امید ہے ۔