شہر سے تعلق رکھنے والے 5 افراد غرقاب

گنگاوتی ‘ کرناٹک میں افسوسناک واقعہ ۔ تین بہنیں شامل
حیدرآباد 6 نومبر ( سیاست نیوز ) کرناٹک کے مقام گنگاوتی میں پیش آئے ایک افسوسناک واقعہ میں ایک خاندان کے پانچ افراد غرقاب ہوگئے ۔ کہا گیا ہے کہ مہلوکین میں تین بہنیں بھی شامل ہیں۔ ان تمام کا تعلق سلطان بازار علاقہ سے بتایا گیا ہے ۔ متوفی تین بہنوں کی پروالیکا ‘ پویترا اور پوانی کی حیثیت سے شناخت کی گئی ہے ۔اس کے علاوہ مرنے والوں میں ان کے دیگر دو رشتہ دار بھی بتائے گئے ہیں۔ ان کی شناخت 14 سالہ آشیش اور 31 سالہ راگھویندر کی حیثیت سے کی گئی ہے جو بوئن پلی میں انشورنس مشیر بتائے گئے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ متوفی تین لڑکیوں کے والد کا نام پرکاش ہے ۔ یہ لوگ ستیہ نارائن پوجا کیلئے گئے تھے اور واپسی میں یہ لوگ گنگاوتی ( کرناٹک ) میں کسی تالاب کے پاس رکے ۔ جب یہ لوگ تالاب کے کناروں پر تھے اور پانی کے بہاؤ میں تیزی آنے کی وجہ سے یہ لوگ غرقاب ہوگئے ۔ کہا گیا ہے کہ نعشیں بھی نکال لی گئی ہیں اور ان کو رشتہ داروں کے حوالے بھی کردیا گیا ہے ۔ رشتہ داروں اور عہدیداروں کی مدد سے نعشوں کو حیدرآباد منتقل کئے جانے کی اطلاع ہیں۔