بیدر/8 ڈسمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) شہر بیدر میں گذشتہ چند دنوں میں دن دھاڑے سونے کے ہار کا سرقہ ، شب کے اوقات میں مکانات میں سرقہ کئے جانے کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے ۔ اس لئے شہر بیدر میں پولیس طلایہ گردی میں شدت پیدا کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ محکمہ پولیس کی جانب سے سخت اقدامات کئے جائیں گے ۔ عوام اگر مشتبہ افراد کے بارے میں پولیس کو اطلاع دیں تو اس میں سہولت ہوگی ۔ یہ بات ایک پریس کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے سپرنٹنڈنٹ پولیس بیدر مسٹر سدھیر کمار ریڈی نے بتائی ۔ انہوں نے بتایا کہ اطلاعات ملی ہیں کہ رہزنی کے واقعات میں ایسی گاڑیاں استعمال کی جارہی ہیں جن پر نمبر پلیٹ ہی نہیں ہے ۔ اس تعلق سے تمام وہیکلس کا معائنہ کیا جارہا ہے ۔ عوام کو چاہئے کہ اپنی موٹر گاڑیوں کا ریکارڈ اپنے ساتھ ہی رکھیں ۔ علاوہ ازیں قواعد کے مطابق نمبر پلیٹ لگوالیں ۔ اکثر دیکھا جارہا ہے کہ ایسے لڑکے جن کے پاس ڈرائیورنگ لائیسنس نہیں ہے گاڑیاں چلاتے ہیں ۔ بغیر لائیسنس کے وہیکلس چلانا قانونی طور پر جرم ہے ۔ سرپرستوں کو چاہئے کہ وہ اپنے بچوں کو وہیکلس نہ دیں ورنہ ایک ہزار روپئے تک جرمانہ عائد کیا جائے گا ۔ خواتین زیورات پہن کر جب جب راستوں سے گذرتی ہیں تو انہیں چوکس رہنا چاہئے ۔ آس پاس مشتبہ افراد دکھائی دیں تو فراً پولیس کو اطلاع دیں ۔ سنسان علاقوں اور تاریکی میں تنہا نہ جائیں بلکہ جہاں لوگوں کا مجمع ہو اور جہاں روشنی ہے اسی راستے پر چلنے کو ترجیح دیں ۔ راستے کی دونوں جانب روشنی ہے یا نہیں اس کا جائزہ لیکر گذریں ۔ سپرنٹنڈ۔ٹ پولیس بیدر مسٹر سدھیر کمار ریڈی نے عوام خاص طور پر خواتین سے خواہش کی ہے کہ وہ چوکسی اختیار کریں ، کیونکہ شہر میں ایک نیا گروہ آیا ہے جو بغیر نمبر پلیٹ کی گاڑیوں پر سوار ہوکر سونے کے زیورات خوصاً گلے سے سونے کے چین چھین کر فرار ہورہا ہے ۔ مکان کے سرقہ واقعات کی روک تھام کرنے کیلئے عوام کو چاہئے کہ مکان کو قفل ڈال کر باہر جاتے وقت قریبی پولیس اسٹیشن میں اطلاع دیں ۔ ایسے واقعات میں طلایہ گردی کرنیو الے پولیس ملازمین قفل ڈالے گئے مکانات پر زیادہ نظر رکھیں گے ۔ ساتھ ہی ساتھ مکان قفل ڈالتے وقت ایک بلب چالو رکھیں ۔ مسٹر سدھیر کمار ریڈی نے بتایا کہ عوام اگر مشتبہ لوگوں سے واقف ہیں تو وہ فی الفور موبائل فون نمبر 9480803410 پر ایس ایم ایس کریں اسی بنیاد پر فی الفور قریبی پولیس اسٹیشن کو ہدایت دی جائے گی ۔ سپرنٹنڈ۔ٹ پولیس بیدر مسٹر سدھیر کما ریڈی نے بتایا کہ جوا ، مٹکہ اور غیر قانونی طریقہ سے نشیلی ادویات کی فروختگی اور استعمال ککی روک تھام کیلئے سخت اقدامات کئے گئے ہیں اسی سلسلہ کے تحت ببو ساکن بیدر اور تپنا ساکن بھالکی کو غنڈہ ایکٹ کے تحت گرفتار کیا گیا ۔ ایس پی ضلع میں مٹکہ کا کاروبار کرنے والوں ، غیر قانونی شراب اور نشیلی ادویات فروحت کرنے والوں اور لینڈ گرابرس کو یہ انتباہ دیا کہ ایسی غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث پائے جانے والوں کو ہرگز بخشا نہیں جائے گا ۔ بلکہ غنڈہ ایکٹ کے تحت گرفتار کیا جائے گا ۔ چاہے وہ کوئی بھی کیوں نہ ہو ۔ مسٹر سدھیر کمار ریڈی نے بتایا کہ گاندھی گنج پولیس اسٹیشن حدود میں قتل کا واقعہ ہوا تھا ۔ جبکہ دوسرا واقعہ چٹگوپہ پولیس اسٹیشن آیا تھا ۔ قتل کے ان دونوں واقعات کا سراغ لگانے میں پولیس کو کامیابی حاصل ہوئی ہے ۔ پریس کانفرنس میں ڈاکٹر پی سی جعفر ڈپٹی کمشنر بیدر نے ’’ جرائم کی روک تھام مہینے ‘‘ کا آغاز کیا ۔ اس موقع پر ایڈیشنل ایس پی شریمتی سنگیتا موجود تھیں ۔