نرمل میں رائے دہی کیلئے زبردست صیانتی انتظامات، ایس پی ششی دھر راجو کا سیاست نیوز کو انٹرویو
نرمل۔/6 ڈسمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) انتخابی عمل کو انتہائی پرامن بنانے کے لئے رائے دہی کے موقع پر نرمل ضلع کے تین اسمبلی حلقہ جات میں دو ہزار پولیس ملازمین کو تعینات کردیا گیا جس میںبی ایس ایف کے چار سو پچاس ، مہاراشٹرا پولیس کے پانچ سو پولیس ملازمین شامل ہیں۔ ان خیالات کا اظہار نرمل ضلع سپرنٹنڈنٹ آف پولیس مسٹر سی ششی دھر راجو نے اسٹاف رپورٹر روز نامہ ’سیاست‘ سید جلیل ازہر سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ ضلع ایس پی نے بتایا کہ انتخابات کے پیش نظر گاڑیوں کی تنقیح کے دوران منتقل کی جانے والی رقم جملہ 58 لاکھ روپئے اب تک ضبط کئے گئے جبکہ پانچ ہزار لیٹر سے زائد شراب جس کی مالیت 21 لاکھ روپئے ہے ضبط کی گئی۔ رائے دہی کو پرامن بنانے کیلئے سارے ضلع میں بڑے پیمانہ پر انتظامات کو قطعیت دیتے ہوئے پولیس کی خصوصی ٹیموں کو بھی متحرک کردیا گیا ہے۔ ایک پندرہ رکنی ٹیم فلائنگ اسکواڈ کی اور ایک 20 رکنی ٹیم SST تشکیل دی گئی ہے۔ نرمل ضلع میں جملہ پولنگ اسٹیشن کی تعداد 619 میں تمام پولنگ اسٹیشن پر خصوصی سی سی کیمرہ نصب کرتے ہوئے پولیس دستوں کو تعینات کیا گیا ہے کسی بھی قسم کی شر انگیزی یا حالات کو بگاڑنے کی کسی بھی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے سخت سے سخت کارروائی کرنے کا انتباہ دیا، انہوں نے کہا کہ قانون ہر شہری کیلئے مساوی ہے ، حالات خراب کرنے والوں کا رتبہ یا مقام نہیں دیکھا جاتا ہم ہر حال میں پرامن رائے دہی چاہتے ہیں۔ شہریوں کا تحفظ ہماری ذمہ داری ہے اور اپنے جمہوری حق کے استعمال کیلئے عوام سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ اپنے اپنے ووٹ کا استعمال کریں۔ کل ہونے والی رائے دہی کے راست انتظامات کی نگرانی ضلع ایس پی مسٹر سی ششی دھر راجو کریں گے۔ جبکہ دو ایڈیشنل ایس پی ، دو ڈی ایس پی، گیارہ سرکل انسپکٹران کے علاوہ تین سب انسپکٹران انتظامات میں شامل رہیں گے۔ واضح رہے کہ نرمل ضلع کے تحت تین اسمبلی حلقہ جات مستقر نرمل، مدہول، خانہ پور شامل ہیں ۔