شکیری کی ہیٹ ٹرک، سوئٹزرلینڈ اور فرانس ناک آؤٹ مرحلے میںداخل

ریو ڈی جنیرو ۔26 جون (سیاست ڈاٹ کام ) ورلڈ کپ 2014 کے گروپ ای سے فرانس اور سوئٹزرلینڈ کی ٹیموں نے پری کوارٹر فائنل مرحلے میں جگہ بنا لی ہے جبکہ ہونڈاروس اور ایکواڈور کی ٹیمیں ٹورنمنٹ سے باہر ہوگئی ہیں۔گذشتہ روز کھیلے گئے میچوں میں جہاں سوئٹزرلینڈ نے ہونڈاروس کو 2-0 گول سے شکست دی وہیں فرانس اور ایکواڈور کا میچ بغیر کسی گول کے برابر رہا۔فرانس برابری کے نتیجے میں ملنے والے ایک پوائنٹ کی بدولت گروپ میں پہلے مقام کے ساتھ دوسرے مرحلے میں پہنچا ہے جہاں اس کا مقابلہ نائجیریا سے ہوگا۔سوئٹزرلینڈ نے گروپ میں مقام حاصل کرلیا ہے اور وہ پری کوارٹر فائنل میں ارجنٹینا کے مدِمقابل ہوگی۔فرانس اور ایکواڈور کا میچ ریو ڈی جنیرو کے ماراکانا اسٹیڈیم میں کھیلا گیا جہاں شائقین کی بہت بڑی تعداد اپنی پسندیدہ ٹیموں کا حوصلہ بڑھانے کے لئے موجود تھی۔

فرانس کی ٹیم نے اس میچ میں زیادہ جارحانہ انداز نہیں اپنایا تاہم اسے گول کرنے کے کئی اچھے مواقع ملے جو ایکواڈور کے کیپر کے عمدہ کھیل اور کچھ کمزور فنشنگ کی وجہ سے ضائع گئے۔ایکواڈور کے لئے یہ میچ جیتنا لازم تھا لیکن فرانس جیسی مضبوط ٹیم کے خلاف اس ٹیم کے کھیل سے یوں لگ رہا تھا کہ وہ میچ جیتنے کی صلاحیت نہیں رکھتی۔دوسرے ہاف میں ایکواڈور کے کپتان انتونیو ولنسیا کو خطرناک فاؤل کرنے پر ریفری کی جانب سے سرخ کارڈ دکھا کر میدان سے باہرکئے جانے کے بعد لگ رہا تھا ایکواڈور کی ٹیم ہمت ہار جائے گی۔تاہم میدان میں دس کھلاڑی رہ جانے کے باوجود ایکواڈور نے دوسرے ہاف میں عمدہ کھیل پیش کیا اور فرانسیسی گول پر کئی حملے کئے لیکن وہ گول نہ کر سکے اور میچ برابر رہا۔اس بے نتیجہ میچ کے برعکس مناس میں گروپ ای کے دوسرے میچ میں سوئٹزرلینڈ اور ہونڈاروس کے مابین پرجوش اور اچھا کھیل دیکھنے کو ملا۔