امرتسر 4 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) پنجاب کے چیف منسٹر امریندر سنگھ نے آج خبردار کیاکہ پاکستان اگر ہندوستان کے خلاف روایتی جنگ میں خود کو ہارتا محسوس کرنے کی صورت میں نیوکلیر اسلحہ کے استعمال سے پس و پیش نہیں کرے گا۔ امریندر سنگھ نے پاکستان کے علاقہ بالاکوٹ میں دہشت گرد کیمپ پر ہندوستانی فضائیہ کے حملے میں مہلوکین کی تعداد بتانے سے انکار کرتے ہوئے کہاکہ خواہ ایک ہو یا 100 ہلاک ہوئے ہوں بہرحال ایک زوردار پیغام بھیجا جاچکا ہے اور یہ واضح کردیا گیا ہے کہ بے قصور سپاہیوں اور شہریوں کی ہلاکتوں کے ذمہ داروں کو بخشا نہیں جائے گا۔ امریندر سنگھ نے کہاکہ موجودہ دور میں کوئی بھی ملک مکمل سطح پر جنگ کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ ہندوستان اور پاکستان دونوں ہی کے پاس نیوکلیر ہتھیار ہیں لیکن ان کا استعمال کرنا دونوں کے مفاد میں نہیں ہوگا لیکن اسلام آباد اگر خود کو نئی دہلی کے ہاتھوں شکست اُٹھاتا دیکھتا ہے تو یہ غلط مہم جوئی پر آمادہ بھی ہوسکتا ہے۔