اودانگ ( آسام ) ۔ 31 ۔ دسمبر : (سیاست ڈاٹ کام ) : ضلع سونت پور میں واقع راجیو گاندھی نیشنل پارک میں فاریسٹ گارڈنس اور شکاریوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلہ میں ایک ہوم گارڈ ہلاک ہوگیا جہاں پر ایک گینڈا زخمی حالت میں دستیاب ہوا ۔ پارک کے ذرائع نے بتایا کہ فاریسٹ گارڈ بشمول ایک ہوم گارڈ اور شکاریوں کی ٹولی کے درمیان شب 1-30 بجے فائرنگ کا تبادلہ عمل میں آیا جس میں ایک ہوم گارڈ سوشیل سیل شدید زخمی ہوگیا بعد ازاں وہ ہاسپٹل میں جانبر نہ ہوسکا ۔ تلاشی کے دوران پارک کے احاطہ میں ایک گینڈا دستیاب ہوا جس کے کان کاٹ دئیے گئے تھے ۔ انکاونٹر کے مقام سے ایک پستول اور گولیاں برآمد ہوئی ہیں جب کہ شکاریوں کی تلاشی جاری ہے ۔