حیدرآباد /28 جولائی ( سیاست نیوز ) پرانے شہر کے علاقہ حسینی علم میں پیش آئے انسانیت سوز واقعہ میں شوہر نے جہیز کی خاطر اپنی بیوی کا بے رحمانہ انداز میں قتل کردیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ 30 سالہ ثمیرا بیگم جو خلوت علاقہ کے ساکن محمد نصیر کی بیوی تھی ۔ اس خاتون کو اس کے شوہر نے مبینہ طور پر کل رات گلاگھونٹ کر قتل کردیا ۔ ان کی شادی 9 سال قبل ہوئی تھی اور ان کے 2 بچے ہیں ۔ انسپکٹر حسینی علم مسٹر شام سندر نے بتایا کہ گذشتہ چند سالوں سے میاں بیوی میں جھگڑے چل رہے تھے اور کئی مرتبہ دونوں کے تعلق سے پنچایت بھی ہوئی تھی ۔ جس کے بعد زندگی گذار رہے تھے ۔ تاہم اس دوران بھی نصیر مبینہ اپنی بیوی سے اکثر جھگڑا کرتا تھا ۔ جس نے کل رات تار سے گلا مبینہ طور پر گھونٹ کر بیوی کا قتل کردیا ۔ انسپکٹر نے بتایا کہ ثمیرا بیگم کے رشتہ داروں کی شکایت پر شوہر اور دیگر کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔ نصیر ایک خانگی اسکول میں ملازم بتایا گیا ہے اور شکایت میں ایک مذہبی شخصیت کے نام کو بھی شامل کیا گیا جس کا پولیس جائزہ لے رہی ہے ۔