حیدرآباد /28 مارچ ( سیاست نیوز ) شوہر کے ناجائز تعلقات پر اعتراض اور رکاوٹ پیدا کرنا ایک خاتون کی موت کا سبب بن گیا جو اپنے شوہر کے ہاتھوں بے رحمانہ انداز میں قتل کردی گئی ۔ یہ واقعہ سعیدآباد پولیس حدود میں پیش آیا جہاں 32 سالہ کلپنا اپنے شوہر وینکٹیش کے ہاتھوں ہلاک ہوگئی ۔ کلپنا اور وینکٹیش اپنے بچوں کے ہمراہ نیلم راج شیکھر ریڈی نگر کالونی سعیدآباد میں رہتے تھے ۔ روزآنہ کی طرح میاں بیوی میں کل رات بحث و تکرار ہوگئی جس کے بعد نشہ کی حالت میں دھت وینکٹیش نے مبینہ طور پر ہتھوڑے سے وار کرتے ہوئے اپنی بیوی کلپنا کا قتل کردیا ۔ سعیدآباد پولیس ذرائع نے یہ بات بتائی ۔ بتایا جاتا ہے کہ حملہ کی شدت سے تاب نہ لاکر کلپنا برسر موقع ہلاک ہوگئی اور شوہر وینکٹیش فرار اختیار کرلی ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق وینکٹیش کے مبینہ طور پر کئی خواتین سے ناجائز تعلقات تھے اور ان ناجائز تعلقات سے اس کی بیوی پریشان تھی اور اعتراض کرتی تھی اس بات پر میاں بیوی اکثر جھگڑے کرتے تھے ۔ کل رات وینکٹیش نشہ کی حالت میں دھت تھا جس نے حملہ کرتے ہوئے اپنی بیوی کو ہلاک کردیا ۔ سعیدآباد پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔