شوہر کے قتل کے الزام میں بیوی اور آشنا گرفتار

حیدرآباد ۔ 18 ؍ جنوری ( سیاست نیوز) نریڈمیٹ پولیس نے شوہر کا قتل کرنے کے الزام میں بیوی اور اس کے آشنا کو گرفتار کرلیا ۔ بتایا جاتا ہیکہ 29 سالہ یلماں عرف لکشمی نے اپنے آشنا ستیہ نارائینا کی مدد سے 35 سالہ شوہر ٹی مہیش کا 11 ؍ جنوری کو قتل کر دیا تھا ۔ پولیس نے مہیش کی نعش کو اموگوڑہ بنڈہ چیرو سے برآمد کیا تھا اور شبہ کی بنیاد پر یلماں کو حراست میں لے کر تفتیش کی گئی جس میں اس نے ارتکاب جرم کرنے کا انکشاف کیا ۔ پولیس نے بتایا کہ مہیش جو پیشہ سے آٹو ڈرائیور تھا بیوی سے اکثر جھگڑا کیا کرتا تھا جس کے سبب بیوی یلماں نے اپنے بہنوئی ستیہ نارائنہ سے ناجائز تعلقات قائم کرتے ہوئے قتل کا منصوبہ تیار کیا اور 10 جنوری کی شب مہیش کو شراب نوشی کے بعد ایک سنسان علاقہ لے کر اس کے سر پر وزنی پتھر ڈال کر قتل کر دیا تھا ۔ بعدازاں مقتول کی نعش کو تالاب میں پھینک دیا گیا ۔