سنگھ پریوار کا وارانسی میں مسلم خواتین کو مشورہ
وارانسی ۔ 7 مئی (سیاست ڈاٹ کام) وارانسی میں انتخابات جیسے جیسے قریب آرہے ہیں، سنگھ پریوار نے بی جے پی امیدوار نریندر مودی کی کامیابی یقینی بنانے کی کوششیں تیز کردی ہیں۔ آر ایس ایس کے متنازعہ لیڈر اندریش کمار وارانسی میں مسلم بستیوں میں مودی کے حق میں مہم چلا رہے ہیں۔ گذشتہ دو دن کے دوران انہوں نے ایسے کئی جلسوں سے خطاب کیا۔ انہوں نے مسلمانوں سے کہا کہ کانگریس اور سماج وادی پارٹی کے دھوکہ میں نہ آئیں اور مودی ہی ایسے واحد لیڈر ہیں جو آپ کے بچوں کے ایک ہاتھ میں قرآن اور
دوسرے ہاتھ میں کمپیوٹر یقینی بنا سکتے ہیں۔ انہوں نے خواتین سے خطاب کرتے ہوئے یہاں تک کہہ دیا کہ رائے دہی کے دن وہ اپنے شوہر کا حکم بھی نہ مانیں اور مودی کے حق میں ووٹ دیں۔ انہوں نے کہا کہ ووٹ دینے کیلئے جب آپ اپنے شوہر یا گھر کے کسی شخص کے ساتھ آتے ہیں تو یہ لوگ آپ سے کہیں گے کہ ہاتھ، سیکل یا ہاتھی کو ووٹ دیں لیکن اس سے آپ کی تقدیر نہیں بدلے گی۔ آپ کے اس فیصلہ پر وہ برہم بھی ہوجائیں گے لیکن آپ کو خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں۔