حیدرآباد 19 اپریل (سیاست نیوز) جیڈی میٹلہ پولیس اسٹیشن حدود میں پیش آئے دلخراش واقعہ میں شوہر نے اپنی 7 ماہ کی حاملہ بیوی کا گلہ گھونٹ کر قتل کردیا۔ ذرائع کے بموجب 20 سالہ غوثیہ بیگم ساکن امان نگر اے کی شادی 24 اکٹوبر سال 2013 کو محمد حسین ساکن پرکاشم پنتولو نگر جیڈی میٹلہ سے ہوئی تھی۔ بتایا جاتا ہے کہ آئے دن محمد حسین اپنی بیوی کو مبینہ طور پر جسمانی اور ذہنی اذیتیں دیا کرتا تھا۔ محمد حسین نے آج غوثیہ بیگم کو مکان میں ٹیلی فون کے وائر سے گلہ گھونٹ کر قتل کردیا ۔ پولیس نے بتایا کہ قتل کے فوری بعد محمد حسین مکان سے فرار ہوگیا ۔ انسپکٹر جیڈی میٹلہ مسٹر اے چندر شیکھر نے بتایا کہ غوثیہ بیگم کی نعش کو گاندھی ہاسپتال منتقل کیا ہے اور کل اس کا پوسٹ مارٹم کیا جائے گا۔