شادی کے بعد کا پہلا سال وہ وقت ہوتا ہے جب ہر چیز خوبصورت لگتی ہے ۔ ان کی خواہش یہی ہوتی ہے کہ پوری زندگی ایسے ہی گذرے ۔ دوسرے سال میں داخل ہوتے ہوئے جب شوہر بیوی ایک دوسرے کی پسند ناپسند سے واقف ہوچکے ہوتے ہیں تو خوابوں کی دنیا سے الگ دوسری زندگی سامنے آتی ہے جس میں دونوں کے خیال آپس میں ٹکراتے ہیں ۔یہیں سے ہلکی پھلکی جھڑپ شروع ہوتی ہے ۔ تیسرے سال تک دونوں ایک دوسرے کی شخصیت کو بخوبی پہچان جاتے ہیں اور سمجھ جاتے ہیں کہ شوہر بیوی کوئی مد مقابل نہیں ہیں ۔ جنہیں ہر کام میں یہ دیکھنا پڑے کہ کون جیتا یا کون ہارا وہ یہ سمجھ جاتے ہیں کہ اگر خوشحال زندگی جینا ہے تو سمجھوتہ کرنا ہی پڑے گا ۔ شوہر اور بیوی گاڑی کے دوپہئے کی مانند ہیں اگر ایک خراب ہوجائے تو دوسرا گاڑی نہیں کھینچ سکتا ۔