شوٹرس کو نشانہ بازی پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت

انٹرویوز اور میڈیا سے دوری بہت ضروری : کوچ سمرنوف پاویل
نئی دہلی 27 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) خاموشی سے اپنا کام انجام دینے میں یقین رکھنے والے ہندوستانی پستول ٹیم کے کوچ سمرنوف پاویل نے ملک کے ٹاپ شوپرس پر میڈیا سے بات کرنے پر عائد پابندی کی مخالفت نہیں کی ہے اور کہا کہ اصل توجہ ریو اولمپکس کیلئے تیاری پر مرکوز کئے جانے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بہترین انداز میں ٹریننگ کے ساتھ تیاری جاری رکھی جاسکتی ہے ۔ روس سے تعلق رکھنے والے سمرنوف پاویل نے لندن اولمپکس سے قبل وجئے کمار کو تربیت دی تھی جنہوں نے لندن اولمپکس میں سلور میڈل حاصل کیا تھا ۔ اب وہ پستول کنگ جیتو رائے پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں جنہوں نے ایک کیلنڈر سال میں سات میڈلس جیتے ہیں۔ پاویل چاہتے ہیں کہ آئندہ سال ریو میں ہونے والے اولمپکس میں جیتو رائے بھی میڈل حاصل کرنے میں کامیاب ہوجائیں۔ سمرنوف نے پی ٹی آئی سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ یقینی طور پر جیتو رائے پر توجہ ہے ۔ وہ بہت سخت محنت کرتے ہیں تاہم یہاں دوسرے بھی شوٹرس ہیں ۔ تاہم جس طرح وجئے کمار نے لندن گیمس سے پہلے خاموشی اختیار کی تھی اسی طرح اب ان نشانہ بازوں سے بھی انٹرویوز وغیرہ کی خواہش نہیں کی جانی چاہئے ۔ پاویل مہو میں ہندوستانی فوجی نشانہ باز یونٹ کے ساتھ سرگرم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات اہمیت کی حامل ہے کہ ہم خاموشی اختیار کریں اور ریو اولمپکس کیلئے اپنی تیاریوں پر توجہ مرکوز کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ حقیقی تیاریوں کا آغاز جنوری 2016 سے ہوگا۔اس وقت تک بنیادی امور پر توجہ کی ضرورت ہے ۔