شوماکر کیلئے آئندہ 48 گھنٹے اہم ، ڈاکٹرس کاانتباہ

پیرس ۔ 31 ڈسمبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) فارمولہ ون کے ڈرائیور مائیکل شوماکر جوکہ سر پر گہرے زخموں کی وجہ سے زیرعلاج ہیں ، ان کے متعلق ڈاکٹروں نے انتباہ دیا ہے کہ آئندہ 48 گھنٹے اس اتھلیٹ کے لئے کافی اہم ہیں۔ 7 مرتبہ کے فارمولہ ون عالمی چمپین جوکہ اسکیٹنگ کے دوران پتھر پر گر پڑے تھے جس کی وجہ سے ان کے سرپر کافی تشویشناک زخم آئے ہیں ۔ دریں اثناء ماہر ڈاکٹروں نے یہ واضح کرنے سے گریز کیا کہ کیا وہ ان زخموں سے مکمل صحتیاب ہوپائیں گے یا وہ پھر ہمیشہ کیلئے دماغ کی بیماری میں مبتلا رہیں گے جیسا کہ ان کا علاج گھنٹہ بہ گھنٹہ کی اساس پر کیا جارہا ہے ۔ جرمنی سے تعلق رکھنے والے 44 سالہ شوماکر اتوار کے دن اُس وقت زخمی ہوئے جب وہ برف پر اسکیٹنگ کرنے کے دوران گر پڑے اور ان کا سر پتھر سے ٹکرا گیا تھا ۔ ڈاکٹروں نے ان کے ذہن پر موجود دباؤ کو کم کرنے کیلئے انھیں بیہوشی کی حالت میں رکھا ہے لیکن ڈاکٹروں نے انتباہ دیا ہیکہ آئندہ 48 گھنٹے شوماکر کیلئے فیصلہ کن ہے ۔ علاوہ ازیں شوماکر کے اہل خانہ کو بھی دواخانہ طلب کرلیا گیا ہے جس میں ان کی اہلیہ کے علاوہ قریبی رشتہ دار موجود ہیں۔

فلینڈر بدستور نمبرون ٹسٹ بولر
کیپ ٹاؤن ۔ 31 ڈسمبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان کے خلاف گزشتہ ہفتہ پہلے ٹسٹ میں شاندار بولنگ کرتے ہوئے ٹسٹ کی عالمی درجہ بندی میں پہلا مقام حاصل کرنے والے جنوبی افریقی فاسٹ بولر ورنان فلینڈر دوسرے ٹسٹ کے اختتام پر بھی بدستور پہلے مقام پر فائز ہیں حالانکہ ڈربن میں منعقدہ دوسرے ٹسٹ میں انھوں نے 99 رنز کے عوض تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنے کے مظاہرے کے باوجود درجہ بندی کے 3 نشانات گنوائے ۔ ٹیم کے نمبر ایک فاسٹ بولر ڈیل اسٹین جنھوں نے ڈربن میں 147 رنز کے عوض 9 کھلاڑیوں کو آؤٹ کرتے ہوئے میزبان ٹیم کی کامیابی میں کلیدی رول ادا کیا تھا وہ اس شاندار مظاہرے کی بدولت درجہ بندی کے 11 نشانات حاصل کئے اور دوبارہ 900 نشانات کے زمرے میں واپسی کی ہے ۔ اسٹین کے فی الحال جملہ نشانات کی تعداد 901 ہے جس کے ذریعہ انھوں نے اپنے ساتھی بولر فلینڈر سے موجود فرق کو 8 نشانات تک محدود کرلیا ہے۔ ٹیم کے تیسرے فاسٹ بولر مورنی مرکل 12 ویں مقام پر موجود ہیں ، اسطرح وہ سرفہرست 20 بولروں میں موجود تیسرے آفریقی بولر ہیں۔

کلارک اور وارنر کی آسٹریلیائی ونڈے ٹیم میں واپسی
سڈنی ۔ 31 ڈسمبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) انگلینڈ کے خلاف 12 جنوری کو شروع ہونے والی پانچ مقابلوں کی ونڈے سیریز کے لئے ڈیوڈ وارنر کی بحیثیت اوپنر اور مائیکل کلارک کی قیادت پر واپسی ہوئی ہے ۔ وارنر جنھیں ناقص فام کی وجہ سے اکٹوبر میں ہندوستان کے دورہ پر روانہ ہوئی آسٹریلیائی ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا تھا تاہم انھوں نے ایشز سیریز میں بہتر مظاہرہ کرتے ہوئے ونڈے ٹیم میں واپسی کی ہے ۔ وارنر کی شمولیت کے متعلق اظہار خیال کرتے ہوئے چیف سلیکٹر جان اِنور ویراٹی نے کہا کہ وارنر نے شاندار مظاہروں کے ذریعہ آسٹریلیا کی ونڈے ٹیم میں اپنا مقام حاصل کرلیا ہے ۔ مائیکل کلارک ، شان مارش اور فاسٹ بولر جیمس پیٹنسن جو زخمی ہونے کی وجہ سے ہندوستان کا دورہ نہیں کرپائے تھے ، ان کی میزبان ٹیم میں واپسی ہوئی ہے ۔ جارج بیلی جنھوں نے ہندوستان کے دورہ پر آسٹریلیائی ٹیم کی قیادت کی تھی وہ کلارک کے نائب ہوں گے ۔