شمس آباد ۔ یکم مارچ (سیاست نیوز) شمس آباد میں ایک نوجوان کے سر پر وزنی پتھر ڈال کر قتل کردیا گیا۔ تفصیلات کے بموجب گوردھن ریڈی ولد نرسمہا ریڈی 22 سالہ ساکن ریڈی بستی شمس آباد جو امولو ریڈی چکن سنٹر میں ملازمت کرتا تھا، روزانہ وہ چکن سنٹر میں ہی رہا کرتا تھا۔ آج صبح جب چکن سنٹر کھولا گیا تو وہ وہاں موجود نہیں تھا جب اسے تلاش کیا گیا تو چکن سنٹر کے عقبی حصہ میں اُس کی نعش دستیاب ہوئی۔ شمس آباد آر جی آئی پولیس کو اطلاع دینے پر شمس آباد اے سی پی سدرشن، انسپکٹر آر جی آئی ٹی سدھاکر اور سب انسپکٹر محمد ناصر اپنے عملہ کے ساتھ مقام پر پہنچ گئے اور ڈاگ اسکواڈ اور کلوز ٹیم کو طلب کیا گیا۔ شمس آباد اے سی پی سدرشن نے بتایا کہ قتل کی وجہ معلوم نہ ہوسکی اور قاتلوں کو بہت جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔