شمال مشرقی علاقوں کے شہریوں پر حملے بدبختانہ : منیش تیواری

نئی دہلی ۔ 28 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس لیڈر منیش تیواری نے ملک کے شمال مشرقی علاقہ سے تعلق رکھنے والے ایک جوڑے پر حملہ کے واقعہ کو بدبختانہ قرار دیتے ہوئے خاطیوں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔ ایک خبر رساں ایجنسی سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خود ہمارے ہی ملک کی شمال مشرقی ریاستوں سے تعلق رکھنے والوں پر حملے کے واقعات یقیناً بدبختانہ ہیں۔ شمال مشرقی علاقہ بھی ملک کا اٹوٹ حصہ ہیں اور ضرورت اس بات کی ہیکہ ان علاقوں سے تعلق رکھنے والے عوام کو بھی جذباتی اتحاد کا احساس دلایا جائے۔ اس نوعیت کے واقعات جب بھی منظرعام پر آئیں تو خاطیوں کے خلاف کارروائی کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ان میں یہ احساس اجاگر کیا جاسکے کہ مرکز میں چاہے کسی بھی پارٹی کی حکومت وہ ان کے (شمال مشرقی) تحفظ کی پابند ہے۔ یاد رہیکہ اتوار کی شب گڑگاؤں کے ناتھوپور میں شمال مشرقی علاقہ سے تعلق رکھنے والے ایک جوڑے پر حملہ کیا گیا تھا جبکہ کچھ روز قبل ہی منی پور کے ایک شہری کو نئی دہلی کے کوٹلہ مبارکپور علاقہ میں قتل کردیا گیا تھا۔