شمالی افغانستان میں سینئر طالبان کمانڈر ہلاک

پشاور، 27 فروری (سیاست ڈاٹ کام) ماضی میں متعدد دفعہ مردہ قرار دیئے جانے والے ایک سینئر طالبان کمانڈر آج شمالی افغانستان میں فضائي حملے میں ہلاک ہوگیا۔ جنگجو طالبان نے آج اس کی تصدیق ہے۔ شمالی افغانستان کے صوبہ قندوز میں طالبان کے ایک اہلکار نے بتایا کہ قندوز میں طالبان کی کمان سنبھالنے والے ملا عبدالسلام آخند دو دیگر جنگجوؤں سمیت اختتام ہفتہ کو ہونے والے ڈرون حملے میں ہلاک ہوگئے ہیں۔ انہوں نے شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ملاآخند دو روز قبل سفر پر تھے اور دست عرشی شہر میں قیام پذیر تھے ، جہاں خود کار ڈرون کے میزائل حملے میں وہ ہلاک ہوگئے ۔دریں اثناء، طالبان کے ترجمان ملا ذبیح اللہ مجاہد نے ایک بیان میں ملا آخند کی ہلاکت کی تصدیق کی۔امریکی فوج کے ایک ترجمان نے بتایا کہ گزشتہ روز امریکی طیارے نے قندوز میں فضائی حملے کئے ، لیکن فوجی کمان کے پاس فی الحال اس حملے کے نتائج کے بارے میں مصدقہ اطلاع نہیں ہے ۔ شمالی افغانستان کے سینئر پولس کمانڈر شیر عزیز کماوال نے بتایا کہ ڈرون سے کئے گئے میزائل حملے میں ملا آخند سمیت 8 طالبانی جنگجو ہلاک ہوئے ہیں۔