نظام آباد:18؍ اگست ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)19؍ اگست کے روز منعقدہ جامع خاندانی سروے کیلئے مقرر کردہ اینموریٹر س(اندراج کنندہ) کا تقرر نامہ حوالگی میں لاپرواہی برتنے پر ضلع کلکٹر ڈی رونالڈ روس نے میونسپل انچارج کمشنر منگا تیارو کے علاوہ دیگر 15 افراد کو وجہ نمائی نوٹس جاری کیا۔ تفصیلات کے بموجب حکومت کی جانب سے منعقدہ سروے کیلئے تمام محکمہ جات کے عہدیداروں کو سروے کیلئے منتخب کیا گیا۔ منتخب اینموریٹرس کیلئے کل تربیتی کلاسس کا انعقاد عمل میں لایا گیا تھا ۔ منتخب اینموریٹرس کو تقرر نامہ کی عدم فراہمی پر چند اینموریٹرس تربیتی کلاسس سے غیر حاضر رہے۔ تربیتی کلاسس کا جائزہ لینے کیلئے ضلع کلکٹر مسٹر رونالڈ روس نے کاکتیہ کالج، گورنمنٹ آئی ٹی آئی۔ نرملا ہردیا اسکول کا اچانک دورہ کیا۔ چند اینموریٹرس کی غیر حاضری کے بارے میں عہدیداروں سے استفسار کرنے پر تقرر نامہ نہ ملنے کی وجہ سے اینموریٹرس غیر حاضر ہونے کے بارے میں ضلع کلکٹر کو واقف کرانے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے میونسپل انچارج کمشنر منگا تیارو، کے علاوہ ٹائون پلاننگ آفیسر ستیہ نارائنا، میونسپل منیجر نصر اللہ خان، کیمپ کلرک احمد علی کو معطل کرتے ہوئے احکامات جاری کئے۔ ان کے علاوہ دیگر افراد کو بھی معطل کرتے ہوئے جامع خاندانی سروے میں لاپرواہی برتنے والے کسی بھی شخص معاف نہ کرنے کا ارادہ ظاہر کیا۔ ضلع کلکٹر کی اس کارروائی کے بعد عہدیداروں میں خوف کی لہر دوڑ گئی۔