شعیب ملک ورلڈ کپ ٹرافی کے ساتھ سبکدوش ہونے کے خواہاں

لاہور۔26جون(سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک نے ورلڈ کپ 2019ء میں خطاب کو اپنا مقصد بناتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے کیریئرکے دوران ٹیم نے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی اور چیمپئنز ٹرافی جیسے دو بڑے میگا ایونٹس جیتے لیکن اب خواہش ہے کہ پچاس اوورز کے عالمی کپ میں بھی کامیابی کو یقینی بنایا جائے۔ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ میں کامیابی کو ہدف بناتے ہوئے وہ سخت محنت بھی کر رہے ہیں جبکہ انہیں اسکواڈ میں شامل نوجوان کھلاڑیوں سے بھی بڑی امیدیں وابستہ ہیں جس نے ان کے عالمی کپ میں فتح کے خواب کو مضبوطی دی ہے۔ ایک مرتبہ پھر ورلڈ کپ کے بعد کھیل سے علیحدگی کا ارادہ ظاہر کرتے ہوئے شعیب ملک نے کہا کہ وہ جب تک فٹ ہیں ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کھیلتے رہیں گے۔ ٹسٹ کرکٹ سے مکمل فٹنس کے ساتھ لطف اندوز ہو سکتے ہیں اور انہوں نے اس طرز کی کرکٹ پاکستان کی بہتری کیلئے چھوڑی لیکن کیریئر میں بڑے فیصلے کرنے پڑتے ہیں۔ آل راؤنڈر نے مزید کہا کہ وہ خاندان کو وقت دینے کے ساتھ کیریئر کی طوالت کے خواہاں تھے لہٰذا انہیں ٹسٹ کرکٹ چھوڑنے کا کوئی دکھ نہیں ہے۔ شعیب ملک کے بموجب اس وقت پاکستانی ٹسٹ ٹیم بننے کے عمل سے گزر رہی ہے جسے ایک دو سال مل گئے تو مضبوط اسکواڈ سامنے آئے گا۔ایک سوال پر شعیب ملک نے کہا کہ ماضی میں تسلسل کے ساتھ نہ جیتنے کا جو عنصر پاکستان ٹیم میں ناپید تھا وہ نظر آنے لگا ہے اور کھلاڑی تسلسل کے ساتھ کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں اور زمبابوے کے دورے میں بھی یہ سلسلہ جاری رہے گا لیکن زمبابوے اپنے گھر میں خطرناک ٹیم ثابت ہو گی جبکہ آسٹریلیا بھی اچھی ٹیم ہے لہٰذا مزید بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔