شعیب ملک اور ثانیہ مرزا افواہوں کی زد میں

دبئی ۔یکم مئی (سیاست ڈاٹ کام ) 2010میں ہندوستانی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا سے شادی کے بعد پاکستانی کرکٹر شعیب ملک مسلسل سر خیوں میں رہے ہیں۔ شعیب ملک اور ثانیہ مرزا کے تعلقات کے حوالے سے میڈیا میں خبریں آتی رہتی ہیں لیکن دونوں کی جانب سے ہمیشہ اس بات کی تردید کی گئی ہے کہ ان کے درمیان کوئی اختلافات نہیں ہیں لیکن اب ایک مرتبہ پھر ان کے ثانیہ مرزا سے ازدواجی تعلقات کے حوالے مختلف خبریں گردش کررہی ہیںجس کی اصل وجہ شعیب ملک کا اچانک رخصت لے کر انگلینڈ سے واپس آجانا ہے۔ پی سی بی کے مطابق ٹیم انتظامیہ نے انہیں دورئہ انگلینڈ سے 10دن کی رخصت دی ہے اور کہا ہے وہ ذاتی معاملات کو نمٹانے کے لیے واپس گھر جارہے ہیں۔ وہ متوقع طور پر10 دن کے عرصے میں دوبارہ ٹیم میں شامل ہوجائیں گے۔ ذرائع کے بموجب پاکستانی ٹیم کے منیجر طلعت علی ملک نے کھلاڑیوں کو سختی سے ہدایت دی ہے کہ وہ اس بارے میں ہوٹل یا ڈریسنگ روم میں بات چیت سے گریز کریں۔ شعیب ملک لندن سے دبئی پہنچے، انہوں نے ٹیم انتظامیہ کو مطلع کیا ہے کہ خاندانی معاملات طے کرنے جارہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق اتوارکو شعیب ملک پرسکون تھے انہوں نے نارتھمپٹن آتے ہوئے بس رکوا کر برگر خریدے ، دوستوں سے خوش گپیاں کرتے رہے اور رات کو فلم بھی دیکھی تاہم پیر کی صبح انہوں نے پریشانی میں ایک ہفتے کی چھٹی طلب کی۔ ٹیم منیجر طلعت علی نے کہا کہ شعیب ملک کچھ بتانا نہیں چاہتے تھے اور نہ میں نے تفصیل جاننے کی کوشش کی۔ کھلاڑیوں سے کہا ہے کہ شعیب اگر خود چاہے تو بات کرے ، پلیئرز آپس میں چہ مگوئیاں نہ کریں۔ شعیب ملک کی بات کا احترام کرتے ہوئے انکی تنہائی کو اہمیت دے رہے ہیں۔ وہ ہمارے اہم کھلاڑی ہیں ۔امید ہے کہ ہفتے بعد ٹیم میں شامل ہوجائیں گے۔ ملک کے قریبی ذرائع نے کہا ہے کہ ان باتوں میں کوئی صداقت نہیں۔