شعیب اختر سے خائف رہا : ویریندر سہواگ

نئی دہلی ۔ یکم ؍ اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق جارحانہ اوپنر ویریندر سہواگ نے انکشاف کیا ہیکہ انہیں اپنے کیریئر کے دوران سب سے زیادہ خوف پاکستانی سابق فاسٹ بولر شعیب اختر کے خلاف ہوتا تھا کیونکہ وہ نہیں جانتے تھے کہ کونسی گیند ان کے سر پر لگے گی اور کونسی گیند پیروں کو زخمی کرے گی۔ ایشیاء کپ کے دوران یوسی بروازر کی جانب سے منعقدہ لائیو چاٹ کے دوران ویریندر سہواگ نے کہا کہ اگر مجھے اپنے کیریئر میں کسی ایک بولر سے خوف رہا ہے تو وہ شعیب اختر رہے۔ دوسری جانب اسی پروگرام پاکستانی سابق آل راونڈر شاہد خان آفریدی نے بھی انکشاف کیا کہ انہیں ویریندر سہواگ کے خلاف کبھی بھی بولنگ کرنا پسند نہیں تھا حالانکہ آفریدی کو کیریئر کے دوران کسی بیٹسمین کے خلاف خوف نہیں تھا لیکن اس کے باوجود وہ سہواگ کو بولنگ کرنا پسند نہیں کرتے تھے۔ سہواگ نے 2007ء ٹوئنٹی 20 اور 2011ء ونڈے ورلڈ کپ کی کامیابی کو یادگار فتوحات قرار دیا ہے۔