ششی کلا ہی جیہ للیتا کی حقیقی جانشین

چیف منسٹر کا عہدہ سنبھال لینے ڈپٹی اسپیکر لوک سبھا کا مشورہ

چینائی۔2 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) آل انڈیا انا ڈی ایم کے سینئر لیڈر ایم تھمبی دورائی نے پارٹی کی نو منتخب جنرل سکریٹری وی کے ششی کلا سے چیف منسٹر تاملناڈو کے عہدہ پر فائز ہوجانے کی اپیل کی ہے اور کہا کہ پارٹی اور حکومت کی باگ ڈور ایک ہی شخص کے پاس ہونی چاہئے۔ ششی کلا سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ڈپٹی اسپیکر لوک سبھا نے اترپردیش میں حکمران سماجوادی پارٹی میں جاریہ سیاسی کشمکش کا حوالہ دیا اور کہا کہ حکومت اور پارٹی کو ایک شخص کنٹرول کرنا چاہئے۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اترپردیش میں رونما مسائل کا مشاہدہ کیا جاسکتا ہے۔ جہاں پر پارٹی والد کے ساتھ اور حکومت فرزند کے ساتھ ہے لہٰذا پارٹی اور حکومت کی قیادت ایک ہی شخص کے پاس ہو تو مناسب رہے گا۔  مسٹر تھمبی دورائی نے انا ڈی ایم کے سربراہ سے پوئیس گارڈن میں ملاقات کرکے چیف منسٹر کی ذمہ داری سنبھالنے کی گزارش کی۔ انہوں نے کہا کہ فطری انصاف کا تقاضہ ہے کہ ششی کلا کو چیف منسٹر بنایا جائے۔ واضح رہے کہ ششی کلا کو انا ڈی ایم کے پالیسی ساز ادارہ جنرل کونسل نے 29 ڈسمبر کو جنرل سکریٹری کی حیثیت سے نامزد کیا تھا۔ جنہوں نے 31 ڈسمبر کو عہدہ کا جائزہ لینے کے بعد جیہ للیتا کی وراثت کو آگے بڑھانے کا عزم کیا ہے۔ اوپنیر سلیوم کابینہ کے تقریباً وزراء ششی کلا سے چیف منسٹر کا عہدہ سنبھالنے کی اپیل کرچکے ہیں۔ تاہم تھمبی دورائی نے بتایا کہ ششی کلا کو یہ مشورہ ایک سرپرست کی حیثیت دیا گیا ہے چونکہ پارٹی کارکنان ششی کلا کو چنااماں (چھوٹی خالہ) کہتے ہیں لہٰذا وہ، چیف منسٹر کے عہدہ کے لئے استحقاق اور اہلیت رکھتی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ انہیں پارٹی کا جنرل سکریٹری نامزد کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ششی کلا سے میری یہ پرزور اپیل ہے کہ فی الفور چیف منسٹر کا عہدہ سبھال لیں تاکہ پارٹی اور حکومت میں اماں (جیہ للیتا) کے کاموں کو آگے بڑھایا جاسکے۔ یہ دریافت کئے جانے پر ششی کلا کا ردعمل کیا تھا؟ تھمبی دورائی نے کہا کہ ایک پارٹی کارکن کی حیثیت سے میں نے نمائندگی کی لیکن انہوں نے کوئی جواب نہیں دیا۔ ڈپٹی اسپیکر نے کہا کہ انتخابی وعدوں اور عوام کی بہترین خدمات کے ذریعہ پارٹی برسر اقتدار آئی ہے۔ میرے خیال میں انتخابی وعدوں کی تکمیل وہی شخص کرسکتا ہے جو کہ اعلی منصب پر فائز ہوگا۔