میدک۔/11جون، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) اسپیکر اسمبلی کی حیثیت سے مسٹر مدھوسدن چاری کے بلا مقابلہ انتخاب کے بعد چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے حلقہ اسمبلی میدک کی نمائندگی کرنے والی حرکیاتی رکن اسمبلی شریمتی ایم پدما دیویندر ریڈی کو ڈپٹی اسپیکر اسمبلی بنانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ چنانچہ شریمتی پدما نے اپنا پرچہ نامزدگی بھی داخل کردیا۔ توقع ہے کہ شریمتی پدما دیویندر ریڈی کا 12جون کو بلامقابلہ انتخاب ہوجائے گا۔ پدما دیویندرریڈی لا گریجویٹ ہیں۔ وہ قبل ازیں حلقہ اسمبلی رامائم پیٹ کی رکن اسمبلی اور اس سے قبل ضلع پریشد رامائم پیٹ کامیاب خدمات انجام دے چکی ہیں۔ واضح رہے کہ ان کے خاوند سکریٹری اسٹیٹ تلنگانہ جناب ایم ویویندر ریڈی ایک کامیاب ایڈوکیٹ ہیں۔ سیاسی میدان میں شریمتی پدما دیویندر ریڈی کی کامیابی میں جناب دیویندر ریڈی کا بھرپور ساتھ رہا ہے جس کی بدولت انہوں نے رکن زیڈ پی ٹی سی سے ڈپٹی اسپیکر اسمبلی تلنگانہ ریاست کے عہدہ تک رسائی کی۔