شرد یادو کے شخصی ریمارکس پر وسندھرا راجے کی برہمی

جئے پور 7 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) راجستھان کی چیف منسٹر وسندھرا راجے نے جئے ڈی (یو) کے سابق لیڈر شرد یادو کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ یادو نے ایک انتخابی ریالی سے خطاب کے دوران راجے کی شکل و جسامت کی نقل کرتے ہوئے مذاق اُڑایا تھا۔ اُنھوں نے کہاکہ یادو کے تبصروں سے وہ اپنی توہین محسوس کرتی ہیں۔ الیکشن کمیشن کو چاہئے کہ وہ ان تبصروں کا ازخود نوٹ لیتے ہوئے مناسب کارروائی کرے۔ راجستھان اسمبلی انتخابات کی مہم کے آخری روز چہارشنبہ کو الور میں جلسہ عام سے خطاب کے دوران شرد یادو نے شخصی ریمارکس کرتے ہوئے کہا تھا کہ راجے بہت موٹی ہوگئی ہیں اور عوام سے کہا تھا کہ اُنھیں (راجے کو) اب آرام دیں۔ وسندھرا راجے نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ ’مجھے توہین محسوس ہوئی ہے۔ یہ خواتین کی توہین ہے۔ اُنھیں بے حد صدہ پہونچا ہے۔ کسی تجربہ کار لیڈر سے ایسے تبصرہ کی قطعی کوئی توقع نہیں تھی۔ راجے نے جو چیف منسٹر کے عہدہ پر دوسری میعاد کے لئے سخت جدوجہد کررہی ہیں، کہاکہ یہ لیڈر (شرد یادو) جن کے ان کے خاندان سے انتہائی قریبی روابط ہیں اپنی زبان پر قابو نہیں پاسکے۔ چیف منسٹر وسندھرا راجے نے کہاکہ ’یہ انتہائی اہم ہے کہ الیکشن کمیشن ازخود اس بات کا نوٹ لیتے ہوئے خود ان کارروائی کے ذریعہ ایک مثال قائم کی تاکہ لوگ مستقبل میں اس قسم کی حرکت کا اعادہ نہ کریں‘۔