کراچی ۔24 اگست (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی ٹیم کے آل راؤنڈر یاسر عرفات نے کہا ہے کہ جارحانہ اوپنرشر جیل خان کو انگلینڈ کیخلاف ونڈے سیریز کیلئے اسکواڈ کا حصہ بنانے کا فیصلہ بہتر ہے۔ انہیں کپتان اور ٹیم عملہ اعتماد فراہم کریں تاکہ وہ میدان پر کھل کر اپنی صلاحیت کا اظہار کر سکیں۔ حالیہ انٹر ویو میں ا نہوں نے کہا کہ شرجیل پاکستانی کیمپ میں جارحانہ موڈ لاسکتے ہیں اور وہ تن تنہا ہی مخالف ٹیم کی بولنگ تباہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ونڈے سیریز بھی اسی اعتماد سے کھیلناہو گی جیسے انہوں نے ٹسٹ سیریز کھیلی ہے۔ سیریز میں محمد حفیظ، شعیب ملک، وہاب ریاض اور عمر گل کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہو گا اور اچھی کارکردگی دکھانی ہو گی کیونکہ ان کے بغیر پاکستان کی کامیابی ممکن نہیں ہو سکے گی۔ ونڈے سیریز آسان نہیں ہو گی جس میں سینئر کھلاڑیوں کو اہم کردار ادا کرنا چاہئے۔ انگلش ٹیم کیخلاف ٹسٹ سیریز میں جو کامیابی ملی ،وہ ٹیم ورک کا نتیجہ تھی۔اس لئے ونڈے سیریز میں بھی متحد ہو کر کھیلنا ہو گا۔ آئی سی سی ٹسٹ درجہ بندی میں پہلا مقام حاصل کرنے کے بعد اب ونڈے میں بھی خود کو ثابت کرنے کا چیلنج درپیش ہے۔ انگلش ٹیم ونڈے کی مضبوط ترین ٹیموں میں سے ایک ہے لیکن اگر پاکستانی کھلاڑی صد فیصد کارکردگی کا مظاہرہ کریں تو وہ میزبان پر قابو پا سکتے ہیں۔ سینئر کھلاڑیوں کی جانب سے جب اچھی کارکردگی کا مظاہرہ ہو گا تو پھر نئے کھلاڑیوں کا بھی حوصلہ بلند ہو گا اور وہ بھی امیدوں پر پورا اتریں گے۔