شراب کی دوکانوں کو بند کرنے کا مطالبہ خواتین کا احتجاج

حیدرآباد 22 جولائی (سیاست نیوز) شراب کی کھلے عام فروخت اور دوکانات میں اضافہ سے خواتین پریشان ہیں۔ ایک ایسے ہی واقعہ میں آج خواتین نے زبردست احتجاج کرتے ہوئے شراب کی دوکان کو بند کرنے کا مطالبہ کیا ۔ اپنے تحفظ اور گھریلو زندگی کے چین و سکون اور سماج کی بھلائی کیلئے خواتین یہ احتجاج کررہی تھی ۔ ایک خاتون نے یہ بات بتائی ۔ راجندر نگر کے علاقہ اپر پلی میں شراب کی ایک نئی دکان کی اجازت دی گئی ہے اور دکان مالک نے بڑے پیمانے پر تیاریاں کرتے ہوئے دکان کا آغاز کردیا تاہم علاقہ کی خواتین اس بات سے برہم ہیں ان خواتین کا کہنا ہے اس علاقہ میں شراب کی دوکان سے علاقہ کا چین و سکون ختم ہوجائے گا اور آئے دن مسائل پیدا ہوں گے ۔

احتجاجی خواتین کا کہنا تھا کہ علاقہ میںجو چیز اب تک نہیںتھی وہ آئندہ بھی قائم نہیں کی جانی چاہئے ۔ خواتین نے افسوس کے ساتھ کہا کہ ایک طرف ہمارے تحفظ کو یقینی بنانے کی بات کی جاتی ہے اور دوسری طرف مسائل پیدا کئے جاتے ہیں اس علاقہ میںشراب کی دوکان سے خواتین کا جینا مشکل ہوجائے گا اور مسائل پیدا ہوں گے ۔ احتجاجی خواتین نے حکومت او رپولیس سے مطالبہ کیاکہ وہ شراب کی دوکان کو منسوخ کرے اور اپر پلی کے علاقہ سے اسے برخواست کرے ۔