عادل آباد میں منعقدہ جائزہ اجلاس سے ریاستی وزیر جوگو رامنا کا خطاب
عادل آباد /17 اگست ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) عادل آباد ضلع کلکٹر شریمتی دیویا دیو راجن نے آئندہ 24 گھنٹوں میں شدید بارش کی اطلاع کے پیش نظر ضلع عادل آباد کے سرکاری و غیر سرکاری مدارس کو ایک دن کی تعطیل جہاں ایک طرف دی وہیں دوسری طرف بارش کے باعث کسی بھی ناگہانی صورتحال کا سامنا کرنے کیلئے 20 رکنی NDRF کی ٹیم کو طلب کرلیا اور مستقر عادل آباد کے کلکٹریٹ کانفرنس ہال میں کسی بھی فرد کی اطلاع کو نوٹ کرلینے کیلئے کنٹرول روم کا قیام عمل میں لایا ۔ ضلع کلکٹر نے عادل آباد کے مختلف محلہ جات جو شدید بارش کے بناء پر متاثر ہوچکے ہیں ۔ ان مقامات کے افراد کی زندگی دشوار بنی ہوئی ہے کا تفصیلی مشاہدہ کیا اور مقامی عوام سے خواہش کی کہ وہ اپنے مسائل کی یکسوئی کی خاطر ٹول فری نمبر 18004251939 پر ربط پیدا کریں ۔ بعد ازاں ضلع کلکٹر نے ضلع عادل آباد کے اوٹنور ڈیویژن کے مختلف قبائلی علاقہ جات کا دورہ کیا اور ایسے مقامات جہاں کے قبائیلی افراد کو یپنے کا پانی حاصل نہیں انہیں صاف اور شفاف پینے کا پانی بھی فراہم کرنے کی ہدایت دی ۔ قبل از عادل آباد کے کلکٹریٹ کانفرنس ہال میں ریاستی وزیر مسٹر جوگو رامنا کی قیادت میں ضلعی عہدیداروں کا ایک ہنگامی اجلاس منعقد ہوا جس میں ضلع کلکٹر شریمتی دیویا دیوراجن ، جوائنٹ کلکٹر کے علاوہ دیگر عہدیدار موجود تھے ۔ اس اجلاس میں ضلع عادل آباد کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور عہدیداروں دن اور رات ہمہ وقت عوامی خدمات کیلئے تیار رہنے کی ہدایت دی گئی ۔ ریاستی وزیر مسٹر جوگو رامنا نے مستقر عادل آباد کے محلہ جات کا تفصیلی معائنہ کیا موسلادھار بارش کے بناء پر سینکڑوں مکانوں میں پانی داخل ہوگیا ۔ ان افراد کو عارضی طور پر Tanisha گارڈن میں ٹھرایا گیا اور انہیں طعام کا بھی اہتمام کیا ۔ مسٹر جوگو رامنا نے تنیشا گارڈن میں موجودہ افراد کوا پنے ہاتھوں کھانا تقسیم کرتے ہوئے ان کے دکھ درد میں اپنے آپ کو برابر کا شریک قرار دیا ۔ ضلع ایس پی مسٹر وشنو ایس واریر نے پولیس جوانوں کو ہمہ وقت متحرک رہنے کی ہدایت دی اور کسی بی ناگہانی صورتحال کا سامنا کرنے کیلئے پولیس کے تمام اشیاء کو اپنے ساتھ رکھنے کا مشورہ دیا اور ضلع عادل آباد کے عوام کی سہولت کی خاطر پولیس دفتر میں کنٹرول روم کا قیام عمل میں لایا گیا جس کا فون نمبر 8333986898 ہے ۔