شخصیت کیا ہے ؟ زندگی میں ہم آہنگی پیدا کرنا…!

ظاہری حسن اور خوبصورتی نہیں، دیدۂ زیب خد و خال نہیں بلکہ وہ خوبیاں جو انسان کے عمل سے ظاہر ہوتی ہیں، شخصیت کی اصل خوبصورتی ہیں۔ حسنِ سلوک، حسن کردار اور حسن عمل جو دوسرے انسانوں کو متاثر کرتا ہے، شخصیت کا حقیقی حصہ ہوتا ہے۔ دوسروں کو خوش رکھنا، دوسروں کی خدمت کرنا، دوسروں کے ساتھ بہتر سلوک کرنا، دوسروں کو حوصلہ دینا، دوسروں کے کام آنا ، دوسروں کو حوصلہ دینا، دوسروں کے کام آنا اور دوسروں پر اپنے سلوک و عمل سے اچھا تاثر ڈالنا ہی اصل شخصیت ہے۔ آسان الفاظ میں تعاون … اور زندگی میں ہم آہنگی پیدا کرنا شخصیت کا حقیقی روپ ہے۔ آپ نے خود تجربہ کیا ہوگا کہ یہ صفات کس طرح لوگوں کو متاثر کرتی ہیں۔ ایک انتہائی خوبرو شخص اگر بدمزاج اور مغرور ہو تو محفل میں بدمزگی ، نفرت اور تلخی کا تاثر چھوڑ کر جاتا ہے۔ اس کے برخلاف عام شکل و صورت کے باوجود ہنس مکھ، ملنسار اور منکسرالمزاج شخص خوشگوار اور دیرپا تاثر پیدا کرتا ہے۔ جو لوگ زندگی کے اس راز کو سمجھتے ہیں، وہ دنیا سے الگ تھلگ نہیں رہتے۔ وہ ہم آہنگی سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔ لوگوں کے دکھ درد بانٹتے ہیں اور ان کی مسرتوں میں شریک ہوتے ہیں۔ اس طرح ان کی شخصیت میں ایک ایسی کشش اور دلکشی پیدا ہوتی ہے جو انہیں سماج میں ہردلعزیز بناتی ہے اور وہ خود بھی خوش اور مطمئن رہتے ہیں۔