کریم نگر ۔ 26فبروری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) تلنگانہ ہریتا ہارم پروگرام کے ضمن میں پودوں کی افزائش کے لئے ہر ایک کو شریک کرنے ضلع کلکٹر نیتو پرساد نے کہا ۔ جمعرات کو کلکٹریٹ میٹنگ ہال میں مختلف سرکاری محکمہ جات کے عہدیداران کے ساتھ کوآرڈنیشن کمیٹی کا جائزہ اجلاس منعقد کیا ۔ اس موقع پرمحترمہ نے کہا کہ سرکاری محکمہ جات مقامی عملے کے تعاون سے متعلقہ عمارتوں ‘ خالی جگہوں پر بڑے پیمانے پر شجرکاری کریں اور لگائے گئے ہر پودے کا تحفظ کریں ۔ ہر پودہ کا معاوضہ 7.50روپئے کے حساب سے ادا کیا جائے گا ۔ پودوں کی افزائش میں مقامی سطح کے عملے کو درکار تربیتی پروگرام منعقد کرنے محکمہ جنگلات کے عہدیداران کو کلکٹر نے حکم دیا ۔ پودوں کی افزائش میں خواتین کی انجمنوں ‘ نوجوانوں اور طلبہ کو دلچسپی لینا چاہیئے اور ضلع کو مختص کئے گئے نشانہ کو حاصل کرنا چاہیئے ۔ محکمہ آر اینڈ بی محکمہ پنچایت راج کے ذریعہ انجام دیئے جانے والے سڑکوںکے کام کے وقت سڑکوں کے دونوںجانب شجرکاری کریں ۔ تعلیمی اداروں ‘ ہاسٹلوں جیسے علاقوں میں طلبہ سے بڑے پیمانے پر شجرکاری کروائیں ۔ محکمہ انڈومنٹ کے ذریعہ منادر کے اطراف و اکناف کے علاقوں میں پھولوں کے پودے لگائیں ۔ محکمہ زراعت‘ انیمل ہسبنڈری ‘ محکمہ سریکچر‘ ٹرائبل ویلفیر‘ این ٹی بی سی ‘ ہارٹیکلچر کے ذریعہ پودوں کے افزائش کی تفصیلات متعلقہ محکمہ جات کے عہدیداران سے دریافت کی گئیں اور کہا کہ مزید پودوں کی افزائش کیلئے اقدامات کریں ۔ ضلع کریم نگر کو تلنگانہ ہریتا ہارم میں زیادہ سے زیادہ پودوں کی افزائش کرنے کا مشورہ دیا ۔ جائزہ اجلاس میں عہدیداران وقت پر حاضر رہنے اور وقت کی پابندی کرنے کو کہا ۔ اس جائزہ اجلاس میں ڈی آر ٹی ویرا برہمیا ‘ ڈواما پی ڈی گنیش ‘ ڈی آر ڈی اے پی ڈی ارونا شری ‘ شوشل فارسٹ عہدیدار وینکٹیشورلو‘ محکمہ زراعت کے جے ڈی سوچاریتا‘ محکمہ سوشل ویلفیر کے یادیا ‘ پنچایت راج ‘ آر اینڈ بی ‘ آبپاشی ‘ محکمہ جات کے انجنیئرنگ عہدیدارو دیگر نے شرکت کی ۔