حیدرآباد /12 فروری ( سیاست نیوز ) پرانے شہر کے علاقوں شاہ علی بنڈہ اور چھتری ناکہ پولیس حدود میں دو افراد نے خودکشی کرلی ۔ ایک نے بیوی کی جیل میں موجودگی سے دلبرداشتہ ہوکر انتہائی اقدام کیا جبکہ دوسرے کی خودکشی کی وجوہات کا پتہ نہ چل سکا ۔ شاہ علی بنڈہ پولیس کے مطابق 35 سالہ سرینواس جو لال دروازہ علاقہ کا ساکن تھا ۔ اس نے کل رات پھانسی لیکر خودکشی کرلی ۔ سرینواس گذشتہ چند دنوں سے ذہنی تناؤ کا شکار ہوگیا تھا ۔ پولیس ذرائع کے مطابق اس شخص کی بیوی سنیتا جیل میں تھی ۔ پولیس سمجھتی ہے کہ اس کے سبب سرینواس نے دلبرادشتہ ہوکر خودکشی کرلی ۔ چھتری ناکہ پولیس کے مطابق 35 سالہ پی چندر اپوگوڑہ علاقہ کا ساکن تھا ۔ اس نے کل خودکشی کرلی ۔ پولیس نے بتایا کہ پورنا چندر کاروبار کرتا تھا اس کی خودکشی کی وجوہات کا پتہ چلانے میں پولیس مصروف تحقیقات ہے ۔