شاہ عبداللہ کی مفاہمتی مساعی، مصر اور قطر میں صلح

ریاض ۔21ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) سعودی عرب کی مفاہمتی کوششوں کے بعد خلیجی ریاست قطر اور عرب جمہوریہ مصر کے درمیان مصالحت ہو گئی ہے، جسے نہ صرف عرب ممالک بلکہ عالم عرب کی جانب سے بھی خوش آئند قرار دیا گیا ہے۔دوسری جانب قطر اور مصر دونوں نے سعودی عرب کے مصالحتی کردار کی تعریف کرتے ہوئے دونوں ملکوں کے درمیان صلح کرانے پر سعودی فرمانروا شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز کا شکریہ ادا کیا ہے۔ سعودی حکومت کی طرف سے بھی دونوں عرب ملکوں کے درمیان کشیدگی کے خاتمے پر رضا مندی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ صلح کا معاہدہ دونوں ملکوں کے درمیان دوستانہ تعلقات کے قیام کا ایک نیا باب ثابت ہو گا۔خیال رہے کہ گذشتہ روز مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے شاہی دیوان کے انچارج خالد التویجری سے ان کے دفتر میں امیر قطر الشیخ تمیم بن آل ثانی کے خصوصی ایلچی سے ملاقات کی اور دونوں ملکوں کے درمیان سعودی عرب کی مساعی سے مفاہمتی عمل آگے بڑھانے پر اتفاق کیا۔