شاہ آباد کے وارڈ نمبر 21 میں عارضی طور پر پانی کی سربراہی

شاہ آباد ۔ 15 ۔ مئی ( ذریعہ ای میل ) جناب محمد فضل پٹیل ضلع کنوینر حیدرآباد کرناٹک مسلم فورم کے پریس نوٹ کے بموجب شاہ آباد کے میونسپل وارڈ نمبر 21 کے محلہ چاند باڑہ گاندھی چوک میں پچھلے کافی سالوں سے پانی کی کافی قلت تھی ۔ مقامی عوام کی جانب سے کئی بار نمائندگی کرنے پر بھی یہاں پر پینے کے پانی کا مسئلہ حل نہیں ہو پارہا تھا ۔ اس ضمن میں کمشنر بلدیہ شہری گرولنگپا نے بتایا کہ ہم سیاسی دباؤ میں مجبور ہیں ۔ مگر اس بات کو جناب ایم اے جلیل سینئر کانگریسی قائد نے سنجیدگی سے غور کرتے ہوئے مقامی ایم ایل اے جی رام کرشنا اور جناب الحاج قمرالاسلام وزیربلدی نظم و نسق و ضلع نگرانکار وزیر حکومت کرناٹک سے نمائندگی کرتے ہوئے وارڈ نمبر 21 کے محلہ چاندباڑہ میں گاندھی چوک کی ایک بورویل کو موٹر بٹھاکر عارضی طور پر پینے کے پانی کی سہولت مہیا کروایا ۔ ایم اے جلیل کی نمائندگی پر پانی کے مسئلہ کے حل پر میونسپل وارڈ نمبر 21 کے تمام عوام نے شکریہ ادا کیا ہے ۔