حیدرآباد۔/5مارچ، ( سیاست نیوز) اراضی کے تنازعہ پر ایک گروپ کے حملہ میں تین افراد شدید زخمی ہوگئے۔ یہ واقعہ شاہین نگر میں پیش آیا جہاں مقامی شخص حسن شریف نے ایک اراضی ابراہیم اور اسمعیل دونوں بھائیوں کے علاوہ احمد علی خاں کو بھی فروخت کی تھی۔ اس کے بعد اس نے کسی کو بھی زمین کو قبضہ میں نہیں دیا اور رقم بھی واپس نہیں کی۔ یہ تنازعہ شدت اختیار کرگیا اور ابراہیم و اسمعیل کے علاوہ احمد علی خاں نے اس اراضی پر تعمیری کام شروع کرنے کی کوشش کی جس پر حسن اور اس کے ساتھیوں نے ان پر قاتلانہ حملہ کردیا۔ جس کے نتیجہ میں ابراہیم ، اسمعیل اور احمد تینوں شدید زخمی ہوگئے۔ انسپکٹر پہاڑی شریف مسٹر بھاسکر نے بتایا کہ شکایت کنندہ ابراہیم کو حسن شریف نے اراضی فروخت کی تھی لیکن حسن کی والدہ اس پر ناراض تھیں اور اس کی وجہ سے حسن پر کافی دباؤ تھا اور وہ اراضی کو قبضہ میں لینے یا رقم واپس کرنے سے گریز کررہا تھا۔ پولیس نے حسن اور اس کے حامیوں کے خلاف اقدام قتل کا مقدمہ درج کرلیا۔