شاندار بولنگ کے باوجود مصباح کی عامر پر تنقید

کراچی ۔ یکم جون (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی ٹیم کے سابق کپتان مصباح الحق نے ویسٹ انڈیز کے خلاف تین وکٹیں لینے کے باوجود فاسٹ بولر محمد عامر کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات بظاہر مثبت نظر آتی ہے کہ محمد عامر نے ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ میں تین وکٹیں حاصل کیں لیکن مجھے ان کی بولنگ فارم کے حوالے سے پریشانی ہے۔ پاکستان کی جانب سے ویسٹ انڈیز کی تینوں وکٹیں محمد عامر نے حاصل کیں لیکن اس کے باوجود مصباح ان کی کارکردگی سے مطمئن نہیں۔ کرکٹ کی مشہور ویب سائٹ کرک انفو سے گفتگو کرتے ہوئے مصباح الحق نے کہا کہ پاکستانی ٹیم 105رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی لیکن آپ کا سب سے اہم فاسٹ بولر پہلا اوورکرنے کے لیے آتا ہے تو اس کی بولنگ کی اوسط رفتار 81 میل فی گھنٹہ تھی۔ انہوں نے کہا کہ عامر کی بولنگ میں کوئی سوئنگ نہ تھی جبکہ وہ انتہائی مطمئن نظر آ رہے تھے اور ان کی بولنگ سے کہیں بھی ایسا نہیں لگ رہا تھا کہ ہم حریف ٹیم کو یہ پیغام دے رہے ہوں کہ ہم میدان میں لڑنے کے لیے آئے ہیں۔ میچ میں حسن علی نے اپنے 4 اوورز میں 39رنز دیے اور کوئی وکٹ بھی نہ لے سکے لیکن اس کے باوجود مصباح ان کی کوشش اور بولنگ کو سراہا۔