بیروت۔ 30 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ملک ِشام میں جاری لڑائی سے سب سے زیادہ متاثر پناہ گزین ہیں اور دمشق میں واقع فلسطینی کیمپ میں فاقہ کشی اور بیماریوں کے ساتھ ساتھ طبی امداد کے فقدان کی وجہ سے لوگ کافی پریشان ہیں۔سماجی کارکنوں کے مطابق اب تک اس کیمپ میں 85 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ صدر بشارالاسد کی وفادار فوج نے اس علاقہ کا کئی ماہ سے محاصرہ کر رکھا ہے۔
یرموک کیمپ ،شام کے دارالحکومت بیروت کے جنوبی علاقہ میں واقع ہے اور موافق حکومت فوج کی ناکہ بندی کی وجہ سے عوام کا جینا دوبھر ہوگیا ہے۔ ان سماجی کارکنوں نے فوج پر فاقہ کشی کو جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کا الزام عائد کیا۔ مقامی افراد کے مطابق اس کیمپ میں تقریباً 20 ہزار افراد غذا کے لئے ترس رہے ہیں اور ان میں سے بعض آوارہ جانوروں کو اپنی غذا بنانے پر مجبور ہیں۔ برطانیہ میں واقع شام کے نگران کار انسانی حقوق ادارہ نے بتایا کہ یرموک میں سب سے پہلی موت جون میں واقع ہوئی تھی اور اب تک 85 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ اس ادارہ نے کیمپ میں پناہ لینے والے متاثرین کو انسانی بنیادوں پر راحت فراہم کرنے کے اقدامات پر زور دیا ہے۔