دمشق ۔ 5 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) شام کے باغیوں نے آج راکٹوں اور مارٹرشلس کی دمشق کے کئی مضافاتی علاقوں پر بوچھار کردی جس سے کم از کم 3 افراد ہلاک اور دیگر 30 زخمی ہوگئے۔ شام کی سرکاری خبر رساں ادارہ کے بموجب شہر کے کئی علاقوں سے بھورے رنگ کا دھواں فضا میں اٹھتا دکھائی دیا۔ اس کے بعد شلباری کی آواز اور ایمبولنس کاروں کے سائرن سنائی دیئے۔ یہ واقعہ علی الصبح پیش آیا۔ شلباری کے بعد باغیوں کمانڈر نے دارالحکومت پر مارٹر شلباری کی دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ یہ باغیوں کے زیرقبضہ ہے قریبی علاقوں پر گذشتہ ہفتہ حکومت کے فضائی حملوں کا جواب ہوگا۔ جیش الاسلام کے کمانڈر زہران الاوش نے انتباہ دیا کہ دمشق کھنڈر بنادیا جائے گا۔ آج ٹوئٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے انہوں نے دعویٰ کیا کہ سینکڑوں راکٹ دمشق پر برسائے گئے ہیں اور عہد کیا کہ اس وقت تک حملے جاری رکھے جائیں گے جب تک کہ دارالحکومت تباہ نہیں ہوجاتا۔ آج کی شلباری کئی اضلاع بشمول المالکی، ابورومانہ ، کفرسوسیح اور مازیح پر کی گئی۔ خبر رساں ادارہ صنعا کے بموجب شلباری سے کئی مکانوں کو نقصان پہنچا اور سڑکوں پر کھڑی کاریں تباہ ہوگئیں۔ برطانیہ میں قائم انسانی حقوق کی شامی رسدگاہ نامی تنظیم کی اطلاع کے بموجب دمشق پر آج 50 راکٹ داغے گئے جس سے کم از کم دو افراد ہلاک اور دیگر کئی زخمی ہوگئے۔ سرکاری فوج باغیوں کے زیرقبضہ دمشق کے مضافاتی علاقوں پر حملے کررہی ہے۔