شام کی ورلڈ کپ میں رسائی کا امکان برقرار

دوحہ ، 4 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) شام نے قطر کو ایک فٹبال میچ میں 3-1 سے اہم ترین شکست دے کر اس امکان کو برقرار رکھا ہے کہ وہ پہلی مرتبہ ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کر جائیں۔ عمر خربین نے دونوں ہاف میں ایک ایک گول کیا اور محمود المواس نے اضافی وقت میں ایک اور گول کیا۔ اس کامیابی کے بعد شام اپنے گروپ کی درجہ بندی میں ازبکستان کو پیچھے چھوڑتے ہوئے تیسرے نمبر پر پہنچ گیا ہے۔ اس گروپ کی دو بہترین ٹیمیں خودکار طریقے سے روس کے 2018 ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کر لیں گی اور تیسرے نمبر پر آنے والی ٹیم کو ایک پلے آف میچ کھیلنا پڑے گا۔قطر کی شکست کا مطلب یہ ہے کہ وہ اب 2018 کے ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی نہیں کرسکیں گے اور 2022ء میں میزبان ہونے کے ساتھ ساتھ پہلی بار ورلڈ کپ کھیلیں گے۔شام اب گروپ کی فاتح ایران سے تہران میں اس گروپ کا فائنل میچ منگل کو کھیلیں گے۔اگر شام اس گروپ میں دوسرے درجے پر آ جاتا ہے تو وہ جنوبی کوریا اور ازبکستان کے میچ کے نتیجے کی بنیاد پر خودکار طریقے سے ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کر سکتے ہیں۔ جنوبی کوریا کی ٹیم جمعرات کو ایران کے خلاف کسی گول کے بغیر میچ برابر کر سکی ہے اور اگر ان کی آخری میچ میں شکست ہوئی اور شام ایران کو ہرا پایا تو یہ 1982 سے اب تک پہلا موقع ہوگا کہ جنوبی کوریا ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی نہیں کر سکے۔یاد رہے کہ اس گروپ میں چین بھی تیسری پوزیشن پر آ سکتا ہے اگر وہ قطر کو شکست دے دیں اور دیگر کچھ میچز میں مخصوص نتائج آ جائیں۔ دوسری جانب جاپان نے آسٹریلیا کو شکست دے کر اپنے مسلسل چھٹے ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کر لیا ہے۔