شام میں کار بم دھماکہ، 26 ہلاکتیں

بیروت ۔ 15 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) شمالی شام میں آج پیش آئے ایک کار بم دھماکہ میں کم از کم 26 افراد ہلاک ہوگئے جن میں زیادہ تر باغی تھے، ایک نگرانکار گروپ نے یہ بات کہی۔ بم کے ذریعہ صوبہ حلب کے جرابلوس ٹاؤن کو نشانہ بنایا گیا جو حالیہ دنوں عراق کے دیہاتی گروپ اور حریف باغیوں کے درمیان شدید لڑائی کا مقام رہا ہے۔ شامی نگرانکار گروپ برائے انسانی حقوق نے کہا کہ مہلوکین میں 3 بچے شامل ہیں۔ انسانی حقوق گروپ کے ڈائرکٹر رمی عبدالرحمن نے فرانسیسی نیوز ایجنسی کو بتایا کہ یہ واقعہ بہت ممکن ہے

آئی ایس آئی ایل کا خودکش حملہ ہے۔ نیز یہ ایسے وقت ہوا ہے جبکہ اس ٹاؤن میں حریف باغیوں کی گرفت کمزور پڑ گئی ہے۔ صوبہ حلب کے جہدکاروں نے کہا کہ درحقیقت جرابلوس میں چند منٹوں کے اندرون دو کار بم دھماکے پیش آئے۔ ایک نیٹ ورک شاہبا پریس کے جرنلسٹ نذیرالخطیب نے کہا کہ جرابلوس میں دو کار بم حملے کئے گئے، ایک اگریکلچرل اسکول کے قریب اور دیگر جیل کے پاس کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ دونوں مقامات کو آئی ایس آئی ایل سے لڑنے والے باغی اڈوں کے طور پر استعمال کررہے تھے۔