شام میں کار بم حملہ، دو افراد ہلاک

دمشق۔ 27 فبروری ۔(سیاست ڈاٹ کام) شامی صوبے حما میں ایک خود کش بم حملے کے نتیجے میں دو افراد ہلاک جبکہ متعدد دیگر زخمی ہوگئے۔ حکام نے بتایا کہ حمص کے مشرق میں واقع سلامیہ نامی قصبے میں یہ خونریز کارروائی آج صبح کی گئی۔ سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کے مطابق یہ حملہ شام میں گزشتہ نصف شب سے شروع ہونے والی جنگ بندی کی خلاف ورزی نہیں کیونکہ یہ بم دھماکا ایک ایسے علاقے میں ہوا، جہاں داعش سرگرم ہے۔ اس فائر بندی میں روس فضائیہ اور شامی فورسز جہادیوں کو نشانہ بنانے کا عمل جاری رکھیں گی۔

 

لیبیا: داعش نے 11 سکیورٹی اہلکاروں کے سرقلم کردیئے
طرابلس ۔ 27 فبروری ۔(سیاست ڈاٹ کام) لیبیا میں داعش سے وابستہ جنگجوؤں نے مغربی شہر صبراتہ میں حملہ کر کے 11افراد کو قتل کردیا۔ داعش کے جنگجوؤں نے سیکیورٹی فورسز کی ایک عمارت میں گھس کر 11 اہلکاروں کے سرقلم کر دیے۔ صبراتہ کی میونسپل کونسل نے ایک بیان میں کہا کہ مقامی بریگیڈز سے تعلق رکھنے والے اہلکاروں نے شہر سے جنوب میں 15 کلومیٹر دور واقع داعش کے ایک ٹھکانے پر حملہ کیا تھا، جس کے بعد ان کی داعش کے ساتھ لڑائی چھڑ گئی تھی۔ داعش کے جنگجوؤں نے صبراتہ میں سکیورٹی خلاء سے فائدہ اٹھاتے ہوئے دھاوا بولا اور اس کے بعد وہ تمام شہر میں پھیل گئے۔