شام میں داعش سے تعلق کے شبہ میں برطانوی ڈاکٹر گرفتار

دمشق ۔23ستمبر( سیاست ڈاٹ کام ) شام کے جنوبی صوبہ دیر الزور میں کرد فورسز نے داعش سے تعلق کے شبہ میں برطانوی شہری کو گرفتار کیا ہے۔ گرفتار شخص کی شناخت انور میاں کے نام سے ہوئی جس کا تعلق برمنگھم سے ہے۔زیر حراست انور کی ویڈیو جاری کی گئی جس میں ملزم نے بتایا کہ وہ 4 سال سے شام میں داعش کے زیر انتظام علاقے میں زخمیوں کا علاج کرتا تھا۔ ملزم کو شمالی شام میں امریکی افواج کے زیر کنٹرول جیل میں رکھا گیا ہے۔ میڈیا کے مطابق شام میں داعش سے تعلق کے الزام میں مزید تین برطانوی شہری حراست میں ہیں۔ ان میں لندن کے دو رہائشی شفی الشیخ اور سکندر شامل ہیں جن کی گرفتاری جنوری میں عمل میں آئی۔

فلسطینی خانہ بدوشوں کے گاؤں خالی کرنے کا حکم
خان الاحمر (مغربی کنارہ)، 23 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) اسرائیل نے مقبوضہ مغربی کنارہ میں واقع فلسطینی خانہ بدوشوں کے گاؤں خان الاحمر کے باشندوں کو یکم اکتوبر تک اپنے گھر خالی کرنے کا حکم دیا، جس کے انہدام کی تیاری ہے ۔فلسطینی خانہ بدوشوں پر مشتمل گاؤں خان الاحمر یروشلم کو بحر مردار سے جوڑنے والے ہائی وے پر پہاڑی کے پاس ریگستانی علاقے میں واقع ہے ، جہاں خانہ بدوش ٹین اور لکڑی سے بنے گھروں میں رہتے ہیں۔