دمشق۔ 28 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) القاعدہ کی شامی شاخ النصریٰ فرنٹ نے داعش کے خلاف فضائی حملوں میں حصہ لینے والے ممالک کو جوابی کارروائی کی دھمکی دی ہے اور اس لڑائی کو اسلام کے خلاف جنگ سے تعبیر کیا۔ النصریٰ کے ترجمان ابو فراس الصوری نے آن لائن ویڈیو جاری کرتے ہوئے کہا کہ جو ممالک ہمارے خلاف لڑائی میں شامل ہیں، انہوں نے ایک سنگین غلطی کا ارتکاب کیا ہے اور اب وہ جہادیوں کے نشانہ پر ہیں۔ یہ دھمکی ایسے وقت دی گئی جب کہ امریکہ نے شام میں داعش کے ٹھکانوں پر فضائی حملوں میں شدت پیدا کردی ہے۔ برطانوی جنگی طیارے بھی پہلی مرتبہ اس لڑائی میں شامل ہوئے ۔ امریکہ کو داعش کے خلاف لڑائی میں عرب حلیف ممالک بحرین ، اردن ، قطر ، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی تائید حاصل ہے۔ پینٹگان نے کہا کہ شام میں 7 نشانوں پر حملے کئے گئے۔ ترکی سرحد سے ملحق علاقہ کو بھی نشانہ بنایا گیا ۔خراساں کے القاعدہ لیڈر محسن الفدہلی ان حملوں میں ہلاک ہوگئے۔ جہادی گروپ کے ذرائع نے یہ اطلاع دی ہے۔ یہاں کے حالات پر نظر رکھنے والے ایک گروپ نے بتایا کہ جہادیوں کے مابین سلسلہ وار ٹوئیٹس میں یہ انکشاف ہوا کیونکہ انہوں نے منصور الدہلی اور دوسرے لیڈر ابو یوسف الترکی کی موت پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔