شام سے داغے گئے راکٹ سے ترکی میں 6 افراد زخمی

استنبول 22 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) شام میں آئی ایس کے کنٹرول والے علاقے سے داغا گیا ایک راکٹ آج ایک ترک شہر میں آگرا جس کے نتیجہ میں پانچ بچوں سمیت چھ افراد زخمی ہوگئے ۔ اطلاعات میں کہا گیا ہے کہ یہ راکٹ ترک سرحدی شہر کلس کے ایک بازار میں آ گرا جس کے نتیجہ میں یہاں مقامی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور افرا تفری مچ گئی ۔ ڈوگن نیوز ایجنسی نے یہ اطلاع دی ۔ کہا گیا ہے کہ چھ افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں پانچ بچے شامل ہیں۔ پانچ زخمیوں کی حالت بہتر ہے جبکہ ایک کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے ۔ کہا گیا ہے کہ تمام زخمی شام کے جنگ زدہ علاقوں سے آئے پناہ گزین تھے ۔