شامی سرحد پر عراقی نیم فوجی دستے تعینات

بغداد۔ 23 ڈسمبر۔(سیاست ڈاٹ کام) عراق نے شامی علاقے سے اس کے فوجیوں پر ہونے والی فائرنگ کے بعد سرحد پر نیم فوجی دستے تعینات کئے گئے ہیں۔ابھی تک یہ نہیں معلوم ہوسکا ہے کہ شامی سرحد سے عراقی فوجیوں پر فائرنگ کس نے کی لیکن یہ اندیشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ یہ حرکت دہشت گرد تنظیموںنے کی ہے ۔پاپولر موبیلائزیشن فورس (پی ایم ایف) کے کمانڈر (مغرب) قاسم مسلے نے جاری ایک بیان میں کہا کہ شامی علاقے سے عراق کی سرحد پر تعینات جوانوں پر شدید فائرنگ کی گئی اور اس کے بعد پی ایم ایف کی 13ویں بریگیڈ کو تعینات کیا گیا جس نے ان علاقوں کو نشانہ بنایاجہاں سے فائرنگ کی شروعات ہوئی تھی۔انہوں نے بتایا کہ عراق ۔شام سرحد پر اب آپریشنز کمانڈ اور انفنٹری بریگیڈ کو تعینات کیا ہے اور دشمن کے کسی بھی حملے کا معقول جواب دینے کے لئے پوری طرح تیار ہے ۔بریگیڈیئر جنرل یحییٰ رسول نے ان نیم فوجی دستوں کو تعینات کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ فی الحال تھوڑے وقفے کے لئے انہیں تعینات کیا گیا ہے کیونکہ سرکاری افواج کی سلامتی کرنا پی ایم ایف کا فرض ہے ۔ فوجیوں پر فائرنگ کرنے والے یقینی طور پر شام میں پسپائی اختیار کرنے والے جہادی ہیں اور ان کا تعلق داعش سے ہو سکتا ہے۔