شامی اپوزیشن کے موقف کو سعودی اور ترکی کی تائید

ریاض ۔ /31 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب کے وزیر خارجہ عادل الجبیر اور ترکی کے ہم منصب میلوت کاوسوگلو نے شام کے اپوزیشن کے موقف کی تائید کی جنہوں نے اقوام متحدہ کی قیادت میں امن مذاکرات کیلئے جنیوا کا سفر کیا ہے ۔ دونوںوزرائے خارجہ نے ریاض میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا موقف یہی ہے اور ہم شام میں اپنے بھائیوں کی تائید کرتے ہیں ۔ ترکی کے ایک اعلیٰ سفارت کار نے کہا کہ مصالحت اور انسانی بنیادوں پر امداد روانہ کرنے کے اپوزیشن کے مطالبہ کی ہم تائید کرتے ہیں ۔ اپوزیشن جماعتوں پر مشتمل کمیٹی نے ان کی شرائط پوری نہ ہونے پر مذاکرات کے بائیکاٹ کا انتباہ دیا ہے ۔ بات چیت کے اس عمل میں حکومت شام کے نمائندے بھی شامل ہیں ۔ اپوزیشن کا وفد کل جنیوا پہونچا اور اس نے آج اقوام متحدہ کے نمائندے اسٹیفن ڈی مسٹورا سے ملاقات کی ۔ ترجمان نے کہا کہ ہم صرف اس شرط پر یہاں آئے ہیں کہ انسانی بنیادوں پر مسائل کے سلسلے میں سنجیدہ مذاکرات ہوں گے ۔ (متعلقہ خبر صفحہ 4 پر)