نئی دہلی ، 2 جون (سیاست ڈاٹ کام) سابق کپتان روی شاستری کو آج انڈین کرکٹ ٹیم کے ڈائریکٹر کی حیثیت سے دورۂ بنگلہ دیش کیلئے برقرار رکھا گیا جو 10 جون کو شروع ہورہا ہے جبکہ ڈنکن فلیچر کے جانشین بننے کیلئے کسی نئے مستقل کوچ کے سلسلے میں بی سی سی آئی کی تلاش جاری ہے۔ شاستری جنھوں نے دورۂ آسٹریلیا اور اس کے بعد رواں سال منعقدہ ورلڈ کپ کے دوران ٹیم ڈائریکٹر کی حیثیت سے خدمات انجام دیئے، دراصل اس مختصر ٹور کیلئے عارضی انتظام ہے۔ فلیچر کی میعاد اس سال کے اوائل ورلڈ کپ کے بعد ختم ہوگئی۔ ’’بی سی سی آئی یہ گوش گزار کرتا ہے کہ مسٹر روی شاستری سابق ہندوستانی کپتان کو 10 جون 2015ء کو شروع ہونے والے دورۂ بنگلہ دیش کیلئے انڈین کرکٹ ٹیم کے ڈائریکٹر کے طور پر مقرر کیا گیا ہے‘‘ بی سی سی آئی سکریٹری انوراگ ٹھاکر نے ایک بیان میں یہ بات کہی۔ انھوں نے مزید کہا کہ سنجے بانگر اسسٹنٹ کوچ (بیٹنگ)، بی ارون اسسٹنٹ کوچ (بولنگ) اور آر سریدھر اسسٹنٹ کوچ (فیلڈنگ) کی حیثیت سے اس ٹور کے دوران شاستری کی اعانت کریں گے۔ بِسواروپ ڈے اڈمنسٹریٹیو منیجر رہیں گے اور رشی کیش اُپادھیائے کو اس دورے کیلئے لاجسٹکس منیجر مقرر کیا گیا ہے۔ ٹھاکر نے کہا کہ شاستری کا تقرر عبوری انتظام ہے اور بورڈ مستقل کوچ کو متعاقب نامزد کرے گا۔ مکمل وقتی کوچ کا تقرر بی سی سی آئی کی نوتشکیل شدہ اڈوائزری کمیٹی سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا، جو سابق عظیم کھلاڑیوں سچن تنڈولکر، سورو گنگولی اور وی وی ایس لکشمن پر مشتمل ہے۔ ہندوستان دورۂ بنگلہ دیش کے دوران ایک ٹسٹ اور تین ونڈے انٹرنیشنلس کھیلے گا۔
10 جون سے فتح اللہ میں ہندوستان کا بنگلہ دیش کے خلاف واحد ٹسٹ مقرر ہے جس کے بعد تین او ڈی آئیز میرپور میں (18 ، 21 ، 24 جون کو) کھیلے جائیں گے۔ ٹیم انڈیا اس ٹور کیلئے کولکاتا سے 7 جون کو روانہ ہوگی۔ شاستری نے ہندوستان کی 80 ٹسٹ میں نمائندگی کی اور انڈیا کیلئے 150 او ڈی آئیز کھیلے اور جس ٹیم کا حصہ تھے جس نے 1983ء ورلڈ کپ جیتا تھا۔ شاستری نے قبل ازیں 2007ء میں بنگلہ دیش کا ہندوستانی ٹیم کے ساتھ بطور کرکٹ منیجر سفر کیا تھا جب اُس سال ورلڈ کپ شکست فاش کے پیش نظر گریگ چیاپل نے کوچ کا عہدہ چھوڑ دیا تھا۔ رواں سال کے اوائل شاستری کی سرکردگی میں ہندوستانی ٹیم کو آسٹریلیا میں ٹسٹ سیریز میں مزاحمت سے بھرپور مقابلے کے بعد 0-2 سے ناکامی ہوئی لیکن اس کے بعد او ڈی آئی سیریز میں وہ کچھ مسابقت نہیں کرپائے تھے۔ مارچ میں ورلڈ کپ میں ہندوستانیوں کو جو ڈیفنڈنگ چمپینس تھے، سیمی فائنل مرحلے میں اخراج کی راہ لینی پڑی۔ کل تنڈولکر ، گنگولی اور لکشمن بی سی سی آئی میں شامل کئے گئے کہ بورڈ اور نیشنل ٹیم کو مستقبل کے چیلنجوں کیلئے درکار مختلف ’’ترقی پسند اقدامات‘‘ کے بارے میں رہنمائی کریں۔ بی سی سی آئی نے کہا کہ یہ تینوں لجنڈ کرکٹرز سے نیشنل ٹیم کو سمندر پار کی دقت طلب مصروفیتوں کیلئے تیار کرنے کے علاوہ ڈومیسٹک ڈھانچے کو مضبوط کرنے رہنمائی طلب کی جائے گی۔ یہ پیانل کولکاتا میں 5 جون کو میٹنگ منعقد کرنے والا ہے اور اس کی رائے نئے ہیڈکوچ کے انتخاب میں اہم رہے گی، جس کا نام جولائی کے دورۂ زمبابوے سے قبل منظرعام پر آسکتا ہے۔