شاردا چٹ فنڈ اِسکام : ترنمول کانگریس ایم پی ملزم

نئی دہلی۔ 4 جون (سیاست ڈاٹ کام) سی بی آئی نے 10 ہزار کروڑ روپئے کے شاردا چٹ فنڈ اسکام میں اپنی تحقیقات کے سلسلے میں ایک دن کے اندر ریکارڈ طور پر 46 مقدمات درج کئے ہیں۔ اِن میں سی بی آئی نے ترنمول کانگریس کے موجودہ رکن راجیہ سبھا کنال گھوش کو بھی ایک ملزم قرار دیا ہے۔ سی بی آئی نے مغربی بنگال میں 3 تازہ کیس درج رجسٹر کئے ہیں اور اُڈیشہ پولیس نے 42 کیسوں کو تحقیقات کیلئے اپنے ذمہ میں لے لیا ہے۔ سی بی آئی کے ترجمان نے کہا کہ اس اسکام کی بڑے پیمانے پر سازشی زاویہ سے تحقیقات کی جارہی ہے

جس میں ریگولیٹری اتھاریٹیز کے رول کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ تحقیقات کے دوران اسکام میں ملوث دیگر ذرائع کے بارے میں بھی جانچ کی جائے گی۔ سی بی آئی ذرائع نے کہا کہ سکیورٹیز ایکسچینج بورڈ آف انڈیا، آر بی آئی اور وزارتِ کارپوریٹ اُمور جیسے ریگولیٹری اداروں کے رول کی بھی تحقیقات کی جائے گی۔ مغربی بنگال میں سی بی آئی نے اپنے تین ایف آئی آر کے ذریعہ چیرمین و مینیجنگ ڈائریکٹر شاردا گروپ سودیپتا سین کے خلاف کیس درج کیا ہے۔ اُس وقت کے ڈائریکٹر شاردا ریالٹی دیبجینی مکرجی اور سی ای او شاردا میڈیا کنال گھوش کو بھی ملزم قرار دیا گیا ہے۔ گھوش نے ان کے ردعمل کے بارے میں جاننے کی کوشش کی گئی تو کوئی جواب نہیں دیا۔

یوپی ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کا تبادلہ ، 6 عہدیدار معطل
لکھنؤ۔ 4 جون (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر اکھیلیش یادو نے آج ضلع کے مختلف حصوں کا اچانک دورہ کرتے ہوئے شراوستی ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ بھانو چندرا گوسوامی کو ہٹا دیا اور دیگر 6 عہدیداروں کو معطل کردیا۔ انہوں نے لاپرواہی کیخلاف انتباہ دیا۔ چیف منسٹر نے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سلیکرام ورما کو بھی انتباہ دیا ہے۔